اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی اور باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے پالیسی فریم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، آئی ٹی کے فروغ کیلئے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پر مزید سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے، اگر وسائل فراہم کئے جائیں تو ہمارے ہونہار نوجوان دنیا میں ملک کا نام روشن کریں گے اور قیمتی زرمبادلہ بھی کمائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو آزاد پیشہ وارانہ سرمایہ کاری اور نیشنل انوویشن ایوارڈز (قومی اختراعی ایوارڈز) کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور وہاں پر رکھی مصنوعات سے بہت متاثر ہوئے ہیں، نوجوانوں نے زراعت کی ترقی کیلئے ڈرونز بنائے ہیں، کیلے کے چھلکے کو بھی استعمال میں لا کر مصنوعات بنا دی ہیں، اس کے علاوہ پاک فوج کو آلات کی فراہمی کیلئے بھی کام کر رہے ہیں، نوجوانوں کی قابلیت کو ماضی میں استعمال میں لایا جاتا تو تیزی سے ترقی کی منازل طے ہوتیں، نوجوانوں نے اپنی قابلیت اور ہنر کی بنیاد پر ایوارڈ جیتے ہیں،
ملک کے دور دراز علاقوں کے نوجوانوں نے مشکلات اور چیلنجوں کے باوجود ہنر سیکھا ہے اور مختلف شعبوں میں مہارت حاصل کی ہے، ہمیں دور دراز علاقوں میں مخفی ٹیلنٹ کو تلاش اور انہیں تربیت فراہم کرنا ہے، آئی ٹی کے فروغ کیلئے ریسرچ اور ڈویلپمنٹ پر مزید سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے، اگر وسائل فراہم کئے جائیں تو نوجوان دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں گے اور قیمتی زرمبادلہ بھی کمائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو 10، 15 سال پہلے نکھارا جاتا تو ان کی صلاحیتوں سے بہت زیادہ فائدہ اٹھایا جا سکتا تھا، 2009-10ء میں ہم نے لاہور میں ارفع ٹاور میں پہلا انکوبیشن سنٹر قائم کیا اور پہلی آئی ٹی یونیورسٹی بنائی، قوم کی ترقی و خوشحالی اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے 5 نہیں 50 ارب روپے اکٹھے کرنے چاہئیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں بہت مالی مشکلات کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود ہم نے بجٹ میں آئی ٹی کے شعبہ کیلئے وافر فنڈز مختص کئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے چاروں کونوں میں ہمارا ٹیلنٹ موجود ہے، ہم نے اس سے فائدہ اٹھانا ہے، حکومت کا فرض ہے کہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں نوجوانوں کی تربیت، صلاحیت اور حوصلہ افزائی کیلئے جتنے بھی وسائل فراہم کر سکتی ہے، کرے، انڈومنٹ فنڈ کی آمدن سے نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے کی ضرورت ہے،
نوجوانوں اور قوم کی ترقی کیلئے مزید سرمایہ کاری کی جائے، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی، تربیت اور رہنمائی کیلئے ایک کمیٹی بنائی جانی چاہئے جو نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے کام کرے، اس کیلئے ایک مربوط منصوبہ بنانے کی ضرورت ہے، ایسا پالیسی فریم ورک بنایا جائے جسے کابینہ سے منظور کرایا جائے گا اور عبوری حکومت پر لازم ہو کہ وہ اس پر بغیر کسی رکاوٹ کے کام جاری رکھے اور پھر آئندہ جو بھی حکومت آئے وہ اس حوالہ سے نوجوانوں کی صلاحیتیں نکھارنے کی پالیسی کو آگے بڑھائے اور انہیں ہر طرح کی سہولیات فراہم کرے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگر ہم نے اگلے پانچ، سات سال میں نوجوانوں کو وسائل فراہم کئے تو یہ اربوں ڈالر ملک کیلئے کما کر لائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، فیصلہ کریں کہ فری لانسرز کیلئے وینچر کیپٹل، توانائیاں اور بھرپور وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان وزیراعظم کا وژن ہے، فری لانسرز کی مدد اور حمایت کی جائے گی، ملک کے طول و عرض میں رابطہ کو بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا، سیاسی اور عسکری قیادت مل کر آئی ٹی کے فروغ کیلئے کام کر رہی ہیں، ملک میں موبائل فون صارفین کی تعداد 19 کروڑ سے زائد اور براڈ بینڈ استعمال کرنے والوں کی تعداد 12 کروڑ سے زائد ہو چکی ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبہ کیلئے 5 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، پروگرام کا مقصد نوجوانوں کے آئیڈیاز کو متعارف کراکے قابل عمل بنانا ہے، انڈوومنٹ فنڈ بھی موجودہ حکومت کا ایک بہت بڑا کارنامہ ہے، کوشش ہے کہ آئی ٹی کے شعبہ میں بھی نجی سرمایہ کاری آئے، نوجوانوں کی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر حوصلہ افزائی کی جاتی رہے گی، حکومتی اقدامات سے مستقبل میں اس شعبہ میں سرمایہ کاری آتی رہے گی۔
قبل ازیں وزیراعظم نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا۔اس موقع پر سٹالز پر موجود نمائندوں نے وزیراعظم کو اپنی مصنوعات سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے باصلاحیت نوجوانوں کی مہارت پر اظہار مسرت بھی کیا۔ وزیراعظم اور تقریب کے شرکاء نے تالیاں بجا کر نوشکی کی ہونہار طالبہ کی کارکردگی کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی ہمارا مخفی ٹیلنٹ موجود ہے اور ٹیلنٹ کے بارے میں جان کر میرا دل باغ باغ ہو گیا ہے۔ وزیراعظم نے 10 کامیاب نوجوانوں میں نیشنل انوویشن ایوارڈز تقسیم کئے۔