نگران وزیراعظم کی دوڑ میں اسحاق ڈار کیساتھ رضا ربانی بھی شامل

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ امن و امان کی بہتر صورتحال اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے بغیر کوئی ریاست آگے نہیں بڑھ سکتی ، تمام سکیورٹی فورسز اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دے رہی ہیں، اس میں پولیس کا فرنٹ لائن کردار ہے، ایک سال میں وفاقی پولیس کی تنخواہوں ، مراعات ، شہدا پیکج سمیت تمام مطالبات پورے کر دیئے ہیں، اب پولیس جرائم اور دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لائے ۔ وہ بدھ کو اسلام آباد پولیس کی 38 ویں کانسٹیبل پاسنگ آﺅٹ پریڈ سے خطاب کر رہے تھے ۔ آئی جی اسلام آباد، چیف کمشنر اسلام آباد بھی تقریب میں شریک تھے ۔

وفاقی وزیر نے اس موقع پر وفاقی پولیس کے جوانوں کی پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔ شرکاءسے خطاب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا 1751اہلکاروں کے اس بیج میں شامل جوانوں کو ملک کے مختلف حصوں سے قابلیت کی بنیاد پر بھرتی کیا گیا ہے، بھرتی کا یہ عمل سیاسی ، لسانی تعصب سے بالاتر ہو کر مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ریاست کی بنیادی ذمہ داری شہریوں کی جان ومال کا تحفظ ہے، ریاست کا بنیادی مقصد کبھی کاروبار میں الجھنا نہیں بلکہ عوام کے لئے آسانیاں پیدا کرنا ہوتا ہے۔

دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ نے کہا ہے کہ کسی سازش کے تحت الیکشن ملتوی نہیں ہوں گے،ملک میں دہشت گردی کا خطرہ موجود ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی پنجاب میں الیکشن کر اکر ملک کو نقصان پہنچانا چاہتا تھا،چیئرمین پی ٹی آئی سیاست میں فتنے، فساد کے طور پر نمودار ہوا،چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالتی عمل سے سزا ہو اور جیل جائے، نااہل بھی ہو،نواز شریف الیکشن سے ڈیڑھ ماہ قبل وطن واپس آئیں گے،نواز شریف وطن آئیں گے تو بھر پور استقبال ہو گا،نواز شریف عوام کے سامنے اپنا پروگرام رکھیں گے۔

انہوں نے کہا مردم شماری میں سب سے بڑا اعتراض کراچی کی آبادی کا تھا، مردم شماری کی ویری فکیشن بہت ضروری ہے،ٹیکنو کریٹ کبھی نیوٹرل نہیں ہوتے،ہم نے جو نام دینے ہیں وہ سب دیکھ بھال کر دینے ہیں،نوز شریف بات نہیں مانتے تھے اس لئے اسٹیبلشمنٹ چیئرمین پی ٹی آئی کو لائی۔وفاقی وزیر نے کہا ایسا نہیں ہو سکتا کہ حکومت3 ماہ کی چھٹی پر چلی جائے،مردم شماری نوٹیفا ئی ہونے سے مزید تنازعات جنم لیں گے۔رانا ثناء اﷲ نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی نے اسحاق ڈار کا نام بطور نگراں وزیراعظم کیلئے نہیں دیا،نگراں وزیراعظم سیاستدان ہونا چاہئے یہ تجویز ہے،اسحاق ڈار، رضا ربانی سمیت کسی ساستدان کا کا نام ہو سکتا ہے،راجہ ریاض مہر لگا دیں گے تو اتحادی نگراں وزیر اعظم کے معاملے کا جائزہ لیں گے۔