پاک چین تعلقات ہرامتحان کی گھڑی میں سرخرو ہوئے ہیں،آرمی چیف

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل عاصمم منیر نے کہا کہ پاک چین تعلقات منفرد نوعیت کے ہیں، پاک چین تعلقات ہر امتحان کی گھڑی میں سرخرو ہوئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے 96 ویں یوم تاسیس کی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ چین کی ناظم الامور پانگ چن ذو اور دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ زونگ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چینی سفارتخانے کی ناظم الامور نے تقریب کے انعقاد پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاک چین تعلقات منفرد نوعیت کے ہیں، پاک چین تعلقات ہر امتحان کی گھڑی میں سرخرو ہوئے ہیں۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پی ایل اے اور پاک فوج بھائی بھائی ہیں، دونوں افواج کے تعلقات اور تعاون مزید وسعت اختیار کرے گا، پاک فوج کے سربراہ نے چین کے دفاع اور سیکیورٹی میں پی ایل اے کے کردار کی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چین اور پاکستان سی پیک کے آغاز کی 10 سالہ تقریبات منارہے ہیں۔ آرمی چیف اور دیگرعسکری قیادت کے کامیاب دورے باہمی فوجی تعلقات کو فروغ دیں گے۔

اس موقع پر چینی ناظم الامور نے کہا کہ چین اور پاکستان کی تزویراتی شراکت داری ہر امتحان میں پورا اتری ہے، یہ دوستی عالمی منظرنامے میں تبدیلی پر پورا اتری ہے۔