کراچی (اسٹاف رپورٹر)یورپی ایوی ایشن ایجنسی ایاسا کی یورپی ائیرلائنزکوپاکستان کی فضائی حدود میں ہدایات پر پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سخت ردعمل کا اظہارکیا ہےسی اے اے کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود دنیا کی تمام ایئر لائنز کے طیاروں کے لیے مکمل محفوظ ہے، ایاسا کی جاری ہدایات میں طیاروں کو اینٹی ایئر کرافٹ گنز اور میزائل کے خطرے کی بات ہدایت مکمل طور پر بے بنیاد ہے پاکستان میں طیاروں کو کوئی خطرہ نہیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود کے متعلق 28 جولائی کو جاری یورپی ایوی ایشن ایجنسی کی ہدایات کو مکمل مسترد کیا جاتا ہے، پاکستان میں کوئی تنازع نہیں ہے، اس لیے طیاروں کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں۔برطانیہ نے بھی پاکستان کی فضائی حدود کو طیاروں کے لیے مکمل محفوظ قرار دیا ہے، برطانیہ کی برٹش ایئرویز پاکستان میں اپنا فلائٹ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تمام ایئر لائنز کا آپریشن جاری ہے، ایاسا کی پاکستانی فضائی حدود میں 26 ہزار فٹ سے نیچے طیاروں کو خطرے کی بات بھی من گھڑت اور بے بنیاد ہے،جرمنی، فرانس سمیت یورپی ملکوں نے بھی پاکستانی فضائی حدود کو طیاروں کے لیے مکمل محفوظ قرار دیا ہے۔پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ پاکستان میں کسی بھی عنصر کو طیارہ شکن ہتھیاروں، خاص طور پر مین پورٹیبل ایئر ڈیفنس سسٹم طیارہ شکن میزائل سسٹم تک رسائی حاصل نہیں ہے۔