ژوب کینٹ حملے میں ملوث دہشتگرد افغانی نکلے

اسلام آباد : افغان سرزمین کی ایک بار پھر پاکستان کے خلاف استعمال ہونے کی تصدیق ہوگئی۔ ژوب کینٹ حملے میں افغان دہشتگرد ملوث نکلے۔ پاکستان نے افغانستان سے ژوب کینٹ حملے میں ملوث افغان دہشتگردوں کی لاشیں وصول کرنے کا مطالبہ کردیا۔پاکستان کے دفتر خارجہ نے افغانستان سے ہونیوالی دہشت گردی کی شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 12 جولائی کو ژوب کینٹ حملے میں ملوث تین دہشت گردوں کی شناخت افغان شہریوں کے طور پر ہو ئی ہے۔

دہشگردوں کا تعلق افغانستان کے صوبہ قندھار سے ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغان سفارت خانے کو دہشت گردوں کی لاشیں وصول کرنے کی ہدایات دے دیں۔دفترخارجہ نے پاکستان کے اندر دہشت گرد کارروائیوں میں مسلسل افغان دہشتگردوں کی شمولیت اوردہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا اور شدید مذمت کی ہے۔

قبل ازیں وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگرد تنظیموں کا مقابلہ کرنے کیلئے افغانستان کی صلاحیت بڑھانےکیلئے تیار ہے۔ترجمان وزارت خارجہ نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے افغانستان سے دہشتگردی کے خطرے بارے بیان پر اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیان نہ تو نیا ہے اور نہ ہی غیر معمولی ہے،پاکستان داخلی یا خارجی تمام خطرات کے خلاف دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے،چاہتے ہیں کہ افغان سرزمین پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں کیلئے لانچنگ پیڈ نہ بنے،انسداد دہشتگردی کیلئے افغانستان کے ساتھ آگے بڑھنے کیلئے پرعزم ہیں،ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے خاتمے لئے دونوں ممالک کو ملکر کام کرنا ہوگا،وزیر خارجہ نے کہا پاکستان دہشتگرد عناصر کے مقابلہ میں افغان استعداد بڑھانے کیلئے تیار ہے۔