اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی پروپیگنڈے کا پائنر ہے، توشہ خانہ کیس ثابت شدہ کیس ہے، پروپیگنڈا نہ کریں فیصلے کےخلاف اپیل کریں۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ہم مخالف پارٹی کے سینئر لیڈر کا احترام کرتے ہیں، اس پروجیکٹ کو لانے اور اس کے اثرات کے ہم ذمہ دار نہیں، ملک ترقی کررہا تھا پھر اس پروجیکٹ کو لانے کی کیا ضرورت تھی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جعلی رسیدوں اور منی لانڈرنگ کی نیب تحقیقات کر رہا ہے، ثابت ہے کہ اس نے توشہ خانہ کے مال کو بیچا اور پیسے اپنے اکاؤنٹ میں لایا، یہ کیس ثابت شدہ ہے، پروپیگنڈا نہ کریں فیصلے کےخلاف اپیل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا، یہ سب انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) نے کرایا۔
انہوں نے کہا کہ مردم شماری پر کراچی اور بلوچستان کو شکایات ہیں، ہمیں اور دوسری سیاسی جماعتوں کو مشترکہ مفادات کونسل کا فیصلہ تسلیم کرنا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد ہم نگراں سیٹ اپ میں جارہے ہیں اور نگراں وزیراعظم کا فیصلہ بدھ کو ہوگا۔