اسلام آباد: تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی، جب کہ وکالت نامے پر ان کے دستخط کے بغیر اپیل داخل نہیں ہوگی، اعلی عدلیہ فوری نوٹس لے۔
تحریک انصاف کی کور کمیٹی اجلاس کے بعد اپنے ویڈیو پیغام میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ لاکھ کوششوں کے باوجود عمران خان تک رسائی نہیں دی جارہی، ہم نےچیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کیلئےاپیل دائرکرنی ہے، اور وکالت نامے پر ان کے دستخط نہیں ہوں گے تو ہم اپیل کیسے دائر کر سکتے ہیں۔
تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اہم اجلاس کے بعد وائس چیئرمین تحریک انصاف @SMQureshiPTI اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے آگاہ کر رہے ہیں۔ #تم_مائنس_کرو_ہم_ضرب_دیں_گے pic.twitter.com/aLfuL5TYWB
— PTI (@PTIofficial) August 6, 2023
ان کا کہنا تھا کہ طبی معائنہ کروانا ہرملزم کا بنیادی حق ہے، پمز اور پولی کلینک میں تشکیل دیا گیا بورڈ منتظر تھا، لیکن چیئرمین پی ٹی آئی کو وہاں نہیں لایا گیا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کوسی کلاس جیل میں رکھا گیا ہے، ان کو فراہم کیےجانے والے کھانے پر بھی تشویش ہے، ان کی جان کو خطرات لاحق ہیں، اعلیٰ عدلیہ کو فوری اس کا نوٹس لینا چاہئے، میں توقع کرتا ہوں کہ ہمیں انصاف دیا جائے گا۔