پشاور: خیبر پختونخوامیں دوتحصیل نشستوں کے ضمنی انتخابات میں ایک پر پی ٹی آئی کے امیدوار نے میدان مارلیا جبکہ دوسری پر پی ٹی آئی کے کارکن آزاد حیثیت الیکشن لڑنے والے امیدوار کو برتری حاصل ہے ۔اسی حلقے میں پی ٹی آئی کے امیدوار دوسرے نمبر پر ہیں ،تحصیل چیئرمین متھرا کی خالی نشت پر ضمنی بلدیاتی انتخاب میں پی ٹی آئی نے میدان مارلیا اور جمعیت علماء اسلام کی نشست پر پی ٹی آئی امیدوار نے کامیابی حاصل کرلی،جے یو آئی کے تحصیل چیئر مین کے انتقال سے خالی ہونے والی نشست کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار انعام اللہ20333 ووٹ لیکرکامیاب ہوگئے ہیں۔
آر او آفس کے ذرائع کے مطابق جے یو آئی امیدوار رفیع اللہ 13564 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر،جماعت اسلامی کے امیدورا افتخار احمد 9546 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے،پی پی پی کے علی عباس خان5377 اور ن لیگ کے فضل اللہ نے 3351 ووٹ اوراے این پی کے عزیز غفار خان نے2721ووٹ حاصل کئے،الیکشن کمیشن کے مطابق چیئرمین تحصیل کونسل متھرا پشاور کی خالی نشست پر ووٹ ڈالنے کیلئے 155پولنگ سٹیشنز بنائے گئے تھے تحصیل کونسل متھرا میں ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 9 ہزار 399 ہے انتخابات میں مجموعی طور پر 6 امیدواروں نے حصہ لیا،
تحصیل کونسل حویلیاں کی نشست پر 134 پولنگ سٹیشنز میں سے 100کے غیر حتمی اورغیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار عزیز شیر خان نے 16906ووٹ حاصل کرکے آگے اور پی ٹی آئی کے افتخار خان 13749ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر مسلم لیگ ن کے ملک طلحہ 11084ووٹ لے کر تیسرے نمبر ہیں تاہم اس کے بعد آخری خبریں آنے تک اس حلقے میں نتائج آنے کا سلسلہ روک دیا گیا تھا جس کے بعد سیاسی جماعتوں کی جانب سے ریٹرنگ آفیسر کے دفتر کا گھیرائو کیا گیا ۔اس دوران پولیس کے ساتھ ہاتھا پائی بھی ہوئی اور شدید بدنظمی دیکھی گئی ۔دوسری جانب آزاد امیدوار عزیز شیر کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے دیرینہ کارکن ہیں، انتخابات سے قبل اس نے پی ٹی آئی چیئر مین کو خط لکھا تھا جس میں درخواست کی گئی تھی کے ان کے مقابلے میں کسی پی ٹی آئی کارکن کو ٹکٹ نہ دیا جائے وہ یہ نشست انہیں تحفے میں دیں گے،حویلیاں میں چیئرمین کیلئے ہونے والے ضمنی بلدیاتی الیکشن میں 134 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 25 حساس اور 40 حساس ترین قرار دیے گئے تھے، تحصیل حویلیاں میں چیئرمین شپ کیلئے 7 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا، یہ نشست چیئرمین عاطف منصف کے قتل کے بعد خالی ہوئی تھی، ایک لاکھ 65 ہزار 800 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔