کراچی: بلوچستان کی حدود میں نامعلوم مسلح افراد نے نایاب بلائنڈ انڈس ڈولفن کو گولیاں مارکرہلاک کردیا،کنزرویٹرسندھ وائلڈ لائف جاوید مہرکے مطابق راستہ بھٹک کردریائے سندھ سے بلوچستان میں داخل ہونے والی اندھی ڈولفن کو گولیاں مارکرہلاک کردیا گیا ہے،سندھ وائلڈ لائف ریسکیو ٹیم کو محکمہ انہارکے عملے کی جانب سے دریائے سندھ میں پائی جانے والی نایاب انڈس ڈولفن کی موجودگی کی اطلاع دی گئی،ریسکیو ٹیم وہاں پہنچی تو انڈس ڈولفن کے جسم پرگولیوں کے دو سوراخ بنے ہوئے تھے اوروہ مرچکی تھی.
جاوید مہرکے مطابق بلائنڈ ڈولفن دریائے سندھ سے راستہ بھٹک کرکیرتھرکینال کے ذریعے گینگ ریگولیٹرسے بلوچستان کی حدود میں داخل ہوگئی تھی جسے نامعلوم مسلح افراد نے گولیاں مارکرہلاک کردیا،واضح رہے کہ گینگ ریگولیٹرزسکھربیراج سے نکلنے والی کیرتھرکینال سے پانی بلوچستان کی حدود میں لے جاتا ہے،ماری جانے والی انڈس ڈولفن کی عمر تقریبا 16 سے 20 ماہ کے درمیان تھی۔