میجرمحمد طفیل شہید کا آج یوم شہادت،افواج پاکستان کا شاندار خراج عقیدت

راولپنڈی: فاتح لکشمی پور میجر محمد طفیل کا آج65واں یوم شہادت ہے۔اس موقع پر افواج پاکستان، چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے میجر طفیل محمد شہید (نشان حیدر) کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میجر طفیل محمد شہید نشان حیدر کا اعزاز پانے والے دوسرے شہید ہیں۔ انہوں نے 1958 میں مشرقی پاکستان کے لکشمی پور سیکٹر میں جرأت اور بہادری سے دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

میجر طفیل محمد شہید کی شہادت ہمیں وطن عزیز کے دفاع کے لیے دی گئیں پاک فوج کی غیر معمولی قربانیوں کی یاد دلاتی ہے۔مادر وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں پر قوم کو فخر ہے۔ میجر طفیل شہید22 جون 1914کو انڈین پنجاب کے علاقے ہوشیارپور میں پیدا ہوئے تھے۔ا نہوں نے ڈی اے وی کالج جالندھر سے تعلیم حاصل کی اور 1941میں انڈین ملٹری اکیڈمی ڈیرہ دھون سے کمیشن حاصل کیا۔ وہ 1947میں آزادی کے بعد پاک فوج کی پنجاب رجمنٹ میں شامل ہوئے۔ میجر طفیل کو 1954میں مشرقی پاکستان میں ایسٹ پاکستان رائفلز میں بطور انسٹرکٹر اہم ذمہ داری سونپی گئی ۔

انہیں اگست 1958 میں لکشمی پور میں گھسنے والی بھارتی فوج کے خلاف کارروائی کا حکم ملا اور دشمن کی چوکی پر بہادری سے حملہ کیا جبکہ دشمنوں کی گولیوں کا سامنا کرتے ہوئے شدید زخمی ہونے کے باوجود آگے بڑھتے رہے دستی بم پھینک کر اپنے جوانوں کو شدید نقصان پہنچانے والی دشمن کی مشین گن کو ناکارہ بنایا اور بہادری سے سیسہ پلائی دیوار بنے رہے جرات وبہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔میجر طفیل نشان حیدر کی یادگار بورےوالا میں تعمیر کی گئی۔