کراچی(اسٹاف رپورٹر)معروف محقق و مصنف،عالم دین مولانا خالد خلیل نعمانی کا کراچی میں مختصر علالت کے بعد تقریباً 83 برس کی عمر میں انتقال ہوگیا۔اناللہ وانا الیہ راجعون۔وفاق المدارس کے مولانا طلحہٰ رحمانی کے مطابق مولانا خالد خلیل نعمانی کا تعلق معروف علمی گھرانہ سے تھا۔آپ کے والد مولانا قاضی خلیل الرحمٰن نعمانی مرحوم برصغیر کی نامور علمی شخصیت تھے۔آپ کے تین فرزند اور دو بیٹیاں ہیں۔
مولانا خالد خلیل نعمانی مرحوم کی رحلت پر قائدین وفاق المدارس مولانا مفتی محمد تقی عثمانی، مولانا انوار الحق حقانی، مولانا محمد حنیف جالندھری،مولانا سید سلیمان بنوری،مولانا عبیداللہ خالد،مولانا سعید یوسف، مولانا امداد اللہ یوسف زئی سمیت دیگر منتظمین و مسؤلین نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی،انہوں نے کہا کہ مولانا خالد نعمانی مرحوم کی ہمہ جہت دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،ان کی رحلت علمی حلقوں کیلئے بڑا نقصان ہے،قائدین وفاق المدارس نے احباب و اہل مدارس سے مولانا مرحوم کیلئے خصوصی دعاؤں کے اہتمام کی اپیل بھی کی۔