اسلام آباد: یوم آزادی کی مناسبت سے پاکستان ملٹری اکیڈیمی کا کول میں آزادی پریڈ جاری ہے۔ پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی ( پی ایم اے ) کاکول میں شاندار آزادی پریڈ کا آغاز ہوگیا ہے جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر آزادی پریڈ کے مہمان خصوصی ہیں۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس اپنے مخصوص انداز میں ڈرل پریڈ کی مہارت کا شاندار مظاہرہ کر رہے ہیں۔
آزادی پریڈ کے دوران سرزمین پاکستان اور مادرِ وطن کے شہداء کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے ، یہ تقریب اس حقیقت کا والہانہ اظہار ہے کہ پاکستانی عوام ایک زندہ دل قوم ہیں جو اپنی آزادی کا جشن بھرپور اور پُرجوش انداز میں مناتے ہیں۔
دوسری جانب ملک بھر کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی 76واں یوم آزادی بھرپور جوش وخروش سے منایا جارہا ہے۔ شہر اقتدارمیں شہریوں کی بڑی تعداد پارلیمنٹ ہاؤس سمیت مختلف مقامات پر جشن آزادی منانے پہنچ گئی۔
بچے، بزرگ اور خواتین مختلف عمارتوں میں برقی قمقموں کو دیکھ کر لطف اندوزہوئے جبکہ نوجوان ملی نغموں پرروایتی رقص کرتے ہوئے دیکھائی دیے۔
وفاقی دارالحکومت میں پارلیمنٹ ہاؤس، وزیراعظم ہاؤس، ایوان صدر اور سپریم کورٹ سمیت مختلف سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا، جس سے شہر دلہن کی طرح خوبصورت منظرپیش کرتا دیکھائی دیا۔اس موقع پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھائی دیے اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد سڑکوں پرتعینات دیکھائی دی۔