اسلام آباد(اُمت نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ ملک کا تنخواہ دار طبقہ ٹیکس چوروں کا بوجھ اٹھاتا ہے۔
اسلام آباد کے کنوشن سینٹر میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ آج بھی میری فوجی اور شہری پاکستان کے لیے شہادتیں دے رہے ہیں جنہوں نے دہشت گردی کی جنگ میں کم سے کم 1 لاکھ جانیں پیش کیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ لہو کا سرخ رنگ ملک کو ہرا کرتا ہے، ہم نے یہ قربانیاں آزادی کے لئے دیں جب کہ ہم نے سماجی و معاشی استحصال کے خاتمے، عدلیہ اور شخصی آزادی کے لئے بھی قربانیاں دی ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ قائد اعظم نے کہا اسلام ہمارے وجود کا بنیادی سرچشمہ ہے، ہم نے پاکستان کا مطالبہ زمین کے ٹکڑے کے لیے نہیں کیا بلکہ اسلام کے اصولوں کو آزمانے کے لیے تجربہ گاہ حاصل کرنے کیلئے کیا۔
عارف علوی نے کہا کہ سیلری کلاس ٹیکس چوروں کا بوجھ اٹھاتے ہیں، 2 کروڑ 70 لاکھ بچے اسکول نہیں جاتے تو کیسے پاکستان کی تیاری ہوگی؟ ملک کو غربت سے نکالنے کے لیے بچوں کو اسکول بھیجا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا سے کہنا چاہتے ہیں کہ اسلام ایک پرامن مذہب ہے، منافرت پھیلانے کے بجائے محبتوں کو فروغ دینا ہے، البتہ جب تک عورت شانہ بشانہ ساتھ نہیں چلے گی کوئی ملک ترقی نہیں کرے گا۔
صدر علوی نے کہا کہ پسے ہوئے طبقے کو اٹھاؤ گے تو ترقی کروگے، ہم ان پڑھ بچوں اور خواتین کو آگے لاکر ترقی کر سکتے ہیں۔