کراچی (اسٹاف رپورٹر)پی آئی اے کی دبئی سے اسکردو کی پہلی بین الاقوامی پرواز پاکستان پہنچتے ہی یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز ہو گیا۔ پی آئی اے کی پروازوں اور دفاتر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور جشن آزادی کی مناسبت سے A320 طیارے پر انفلائٹ تفریحی سروس متعارف کرائی گئی۔پی آئی اے کی پرواز پی کے 234 کو اسکردو ایئرپورٹ پر لینڈنگ پر واٹر کینن سلامی دی گئی اس پہلی بین الاقوامی پرواز کی لینڈنگ کے بعدسکردو کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا درجہ حاصل ہو گیا ہے۔ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے گلگت، بلتستان تک بین الاقوامی کنیکٹیویٹی اور رسائی فراہم کرنے والا یہ ایک تاریخی موقع ہے۔ پرواز کے کپتان نے لینڈنگ پر طیارے کے کاک پٹ سے پاکستان کا جھنڈا لہرایا۔افتتاحی پرواز کے مسافروں کا استقبال پی آئی اے کے سی ای او اے وی ایم عامر حیات اور پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان کے سینئر حکام نے کیا۔
مسافروں کو گلگت بلتستان کی روایتی ٹوپیاں اور تحائف پیش کیے گئے۔مسافروں نے دبئی سے اسکردو کے لیے براہ راست پرواز چلانے پر پی آئی اے کا شکریہ ادا کیا۔پی آئی اے پہلے ہی پاکستان کے دوسرے بڑے شہروں سے مقامی سیاحوں کے لئے پروازیں چلا رہی ہے اور اب اس اضافی روٹ سے بین الاقوامی سیاحوں کو بھی سہولت میسر ہو گئی ہے،پی آئی اے اب ہفتے میں ایک بار دبئی-اسکردو- دبئی کے سیکٹر پر پرواز چلا رہی ہے جو پاکستان کے اہم سیاحتی مقامات میں سے ایک گلگت بلتستان کے خوبصورت شہر اسکردو تک رسائی فراہم کرتی ہے۔علاوہ ازیں پی آئی اے نے مسافروں کی سہولت کے لیے ایئربس اے 320 ایئرکرافٹ پر دوران پرواز تفریحی نظام بھی متعارف کرایا جو اینڈرائیڈ موبائل فونز اور ڈیوائسز کے ذریعے قابل رسائی ہے جبکہ یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں اندرون ملک پروازوں کے مسافروں کو ٹکٹ میں 14 فیصد رعایت بھی فراہم کی گئی ہے۔
14 اگست کی تقریبات پی آئی اے کے طیاروں پر، ہوائی اڈوں اور پی آئی اے کے دفاتر پر بھی منعقد کی گئیں۔سی ای او پی آئی اے اے وی ایم عامر حیات نے بھی پی آئی اے آفس اسلام آباد میں ایئر لائن ملازمین کے ساتھ یوم آزادی منایا۔ کراچی میں منعقدہ تقریب میں پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر امان اللہ قریشی نے قومی پرچم لہرایا۔ پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی گئیں، کیک بھی کاٹے گئے اور پورے نیٹ ورک میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔