میر علی مردان خان ڈومکی نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نامزد

بلوچستان(اُمت نیوز)میر علی مردان خان ڈومکی کو نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نامزد کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان کے نگران وزیر اعلیٰ کا فیصلہ ہوگیا ہے اور میرعلی مردان خان ڈومکی نگران وزیراعلیٰ بلوچستان ہوں گے۔ خیال رہے کہ آج سابق وزیرِاعلیٰ بلوچستان جام کمال اور بلوچستان کے سیاستدان علی مردان ڈومکی نے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کی تھی اور ان کو نگران وزیر اعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی تھی۔ بلوچستان کے نگران وزیراعلیٰ کیلئے مشاورت کا آج آخری روز تھا اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور قائد حزب اختلاف ملک سکندر ایڈووکیٹ کے درمیان گزشتہ روز بھی ملاقات ہوئی تھی۔

میر علی مردان خان کا تعلق بلوچستان کےعلاقے لہڑی سے ہے اور وہ سابق سینیٹر میر حضور بخش ڈومکی کے بیٹے ہیں۔ علی مردان ڈومکی 13 اکتوبر 1972ء کو پیدا ہوئے، ان کے والد حضور بخش ڈومکی 1975ء سے 1977ء تک سینیٹر رہے، انہوں نے علامہ اقبال یونیورسٹی اسلام آباد سے سوشیالوجی میں ماسٹرز کیا اور وہ تحصیل ناظم لہڑی اور ضلع ناظم سبی رہ چکے ہیں۔