فائل فوٹو
فائل فوٹو

مریم نواز، رانا ثنا کیخلاف نیب درخواستیں سپریم کورٹ میں سماعت کیلیے مقرر

اسلام آباد: آمدنی سے زائد اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی، نیب نے یہ درخواست چار سال قبل دائر کی تھی۔

نجی ٹی وی کے مطابق شریف خاندان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کی ہے جسے سپریم کورٹ نے سماعت کے لیے مقرر کردیا۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ 22 اگست کو سماعت کرے گا۔ بینچ میں جسٹس اطہر من اللہ  بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ نیب نے شمیم شوگر ملز کیس میں آمدنی سے زائد اثاثوں کے الزام میں مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کی تھی

دوسری جانب سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی ضمانت منسوخی کی درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے۔

چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں قائم 2 رکنی بینچ 23 اگست کو سماعت کرے گا، اس ضمن میں عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے۔

یاد رہے کہ نیب نے رانا ثناء اللہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کی تھی۔

اس کے علاوہ عدالت عالیہ میں نگراں وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت 25 اگست کو ہوگی جب کہ سپریم کورٹ پانامہ جے آئی ٹی کے والیم ٹن کے حصول کے لئے براڈ شیٹ کمپنی کی درخواست پر سماعت 22 اگست کوسماعت کرے گا۔

علاوہ ازیں، 2014 میں تحریک انصاف کے اراکن قومی اسمبلی کے استعفوں کا معاملہ بھی سماعت کے لئے مقرر کردیا گیا ہے اور وکیل شاہد اورکزئی کی 2014 میں درخواست پر21 اگست 2023 کو سماعت ہوگی۔