آئین سے ماورا کوئی عمل قابل قبول نہیں ہوگا،بلاول بھٹو زرداری

کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین سابق وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نگران حکومت کا کام شفاف ،صاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کروا کرواپس گھر چلے جانا ہے مردم شماری اورنئی حلقہ بندیوں کی آڑ میں انتخابات آگے لے جانے کیخلاف جیالے سیسہ پلائی دیوار بن کر ہرسازش ناکام بنادیں گے آئین سے ماورا کوئی عمل قابل قبول نہیں ہوگا وہ پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی صدرمیرچنگیزجمالی سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے ان سے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی۔

چنگیزجمالی نے بلوچستان میں تنظیمی و سیاسی صورتحال سمیت آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے پارٹی کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا،بلاول بھٹونے بلوچستان میں تنظیمی سرگرمیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جب جب حکومت ملی صوبے کی تعمیر ترقی خوشحالی اور بلوچ عوام کا احساس محرومی ختم کرنے کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کیا۔

علاوہ ازیں بلاول بھٹو نے جنوبی وزیرستان میں روڈ پرنصب بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوال میں غریب مزدوروں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا بربریت ہے،دہشت گردوں کو فی الفورگرفتارکیا جائے۔