اسلام آباد (اُمت نیوز) نئی مردم شماری پر حلقہ بندیوں کا آغاز آج سے ہوگا اور آج الیکشن کمیشن کے اجلاس میں حلقہ بندیوں کیلئے ٹیموں کی تشکیل ہو گی۔
حلقہ بندیوں کی کمیٹیوں کی تشکیل آج کے اجلاس میں ہو گی، کمیٹیاں وفاقی دارالحکومت اور صوبوں کیلئے قائم ہوں گی جو ضلعی نقشہ جات، آبادی سمیت ضروری ڈیٹا حاصل کریں گی۔
کمیٹیاں 31 اگست تک ضلع کی مردم شماری رپورٹ سمیت دیگر معلومات حاصل کریں گی، تیسرے مرحلے میں حلقہ بندیاں کمیٹی کی چار روزہ ٹرینگ کا آغاز یکم ستمبر سے ہو گا، 8 ستمبر سے 7 اکتوبر تک ابتدائی حلقہ بندیاں مکمل کی جائیں گیں۔
9 اکتوبر کو ابتدائی حلقہ بندیوں کی تفصیلات شائع کی جائیں گی جس پر اعتراضات یا تجاویز 10 اکتوبر سے 8 نومبر تک دائر کرسکیں گے اور الیکشن کمیشن 10 اکتوبر سے 9 دسمبر تک اعتراضات پر سماعت کر کے فیصلہ کرے گا جبکہ 14 دسمبر کو حتمی حلقہ بندیاں مکمل ہوں گی۔