رانی پور میں کمسن ملازمہ فاطمہ کی مبینہ ہلاکت کے بعد 20 سالہ ثنا کے لاپتہ ہونے کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق 20 سالہ لڑکی ثنا کا قمبر سے تعلق تھا جو ڈیڑھ سال قبل لاپتہ ہو گئی تھی، والدین نے گھریلو جھگڑے پر 20 سالہ ثنا کو امانت کے طور پر حویلی میں رکھوایا تھا۔ متاثرہ والدین نے آج ملزم اسد شاہ کے خلاف احتجاج کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ سال قبل ہمیں فون آیا کہ ثنا لاپتہ ہو گئی ہے، ہم نے حویلی کے کئی چکر لگائے مگر کچھ نہیں بتایا گیا۔ تھانے میں شکایت لے کر گئے لیکن غریب ہونے کے سبب پولیس نے کوئی ازالہ نہیں کیا۔
ورثا نے نگران وزیراعلیٰ سندھ سے لڑکی کی فوری بازیابی کا مطالبہ کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس نے گذشتہ شب کارروائی کرکے 3 ملازماوں کو حویلی سے ریسکیو کیا۔