امید ہے سعودیہ پاکستانی زائرین سے خصوصی سلوک کرتارہیگا،اانوارالحق کاکڑ

اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے رواں حج سیزن کے دوران پاکستانی عازمین کیلئے بہترین انتظامات کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ سعودی عرب پاکستانی حج اور عمرہ زائرین سے خصوصی سلوک جاری رکھے گا۔

سعودی عرب کے حج و عمرہ کے وزیر ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے نگران وزیراعظم سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کا قابل اعتماد شراکت دار رہے گا۔انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت پاکستان میں سرمایہ کاری میں سنجیدہ دلچسپی لینے پر سعودی عرب کا شکریہ بھی ادا کیا۔

سعودی وزیر کہاپاکستانی عازمین حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کرینگے۔ادھرنگران وزیراعظم آج کراچی کا دورہ کرینگے،وہ مزار قائد پر حاضری دینگے وفاقی وزراء،گورنر اور وزیر اعلی سندھ بھی ان کے ہمراہ ہونگے ۔نگران وزیراعظم سے گورنر اور نگران وزیر اعلی سندھ بھی ملاقات کرینگے جس میں صوبے خصوصاً کراچی میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔وزیراعظم کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔انوارالحق کاکڑ نے آج وفاقی کابینہ کااجلاس طلب کرلیاجس میں ملکی معاشی صورتحال پر غورکیاجائےگا۔