صدر کے بیان کی انکوائری کی جائے،شہبازشریف

لندن:  سابق وزیراعظم شہبازشریف اپنے بڑے بھائی اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف سے ملاقات کرنے کیلئے ایون فیلڈ پہنچے ۔ اس موقع پر میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا صدرپاکستان کے بیان کی انکوائری ہونی چاہئے، انکوائری سے دودھ کا دودھ اورپانی کا پانی ہوجائے گا،صدر جس بل کوچیک کرتے ہیں، اس پر دستخط بھی کرتے ہیں، وہ زبانی کلامی کچھ نہیں کرسکتے، صدر نے اتنے دن انتظار کیوں کیا، یہ ا یک سوالیہ نشان ہے، یہ معاملہ اتنا آسان نہیں صدرمملکت کو اس کا جواب دینا ہوگا،آئینی عہدےپر بیٹھے شخص کو زبانی کلامی کوئی بات نہیں کرنی چاہئے۔

بعدازاں شہبازشریف نے نوازشریف سے ملاقات کی ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں شریف فیملی کے دیگرلوگ بھی موجود تھے ۔دونوں بھائیوں نے رات کا کھانا بھی اکٹھے کھایا۔شہبازشریف نے نوازشریف کی وطن واپسی پر شاندار استقبال کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ذرائع نے مزید بتایاکہ شہبازشریف نے اپنے بھائی نوازشریف کو پاکستان واپسی کیلئے گرین سگنل دے دیا، وہ ستمبر کے آخری ہفتے میں پاکستان کیلئے روانہ ہوسکتے ہیں۔نوازشریف کی واپسی کا حتمی فیصلہ ن لیگ کی کور کمیٹی کریگی۔ذرائع شریف فیملی نے بتایاکہ ملاقات میں صدر مملکت عارف علوی کے حالیہ ٹویٹ اوربیان کے حوالے سےبھی بات چیت کی گئی۔