حفاظتی معیار پر پورا نہ اترنے والی چیئرلفٹس بند کی جائیں،وزیراعظم

اسلام آباد (اُمت نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے خیبرپختونخوا کے علاقے بٹگرام میں پیش آئے واقعے کے بعد خستہ حال،حفاظتی معیارپرپورانہ اترنےوالی تمام چیئرلفٹس فوری بندکرنےکی ہدایت جاری کردی۔
نگران وزیرِاعظم نے بٹگرام میں پاشتو کے مقام پرچیئرلفٹ میں پھنسے 8 افراد کے فوری ریسکیو کی ہدایت بھی کی ہے۔
وزیرِ اعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) او پروونشل ڈیزاسٹر مینجمینٹ (پی ڈی ایم اے) سمیت تمام متعلقہ ریسکیواداروں کو تمام وسائل بروئےکارلانےکی ہدایت کی ہے۔
اس کے علاوہ انوار الحق کاکڑ نے پہاڑی علاقوں میں موجود ایسی تمام چیئر لفٹس پر حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ منگل کی صبح بٹگرام میں پاشتو کے مقام پر چیئرلفٹ کی رسی ٹوٹ گئی جس کے نتیجے میں اسکول کے 6 بچوں سمیت 8 افراد 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئے جنہیں بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
بچے صبح 7 بجے کے وقت چیئرلفٹ کے ذریعے اپنے اسکول جارہے تھے کہ لفٹ کی تین میں سے دو رسیاں ٹوٹنے سے چیئرلفٹ تقریباً 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئی۔
چیئرلفٹ میں پھنسے شخص گلفراز نے بتایا کہ 6 بچے اور 2 افراد صبح 6 بجے چیئرلفٹ میں سوار ہوئے تھے، 7 بجے چیئرلفٹ کی پہلی ایک رسی اور پھر دوسری بھی ٹوٹ گئی، چیئرلفٹ ایک میل چلی تو پہلی رسی ٹوٹی۔