بٹگرام : آلائی میں چیئر لفٹ میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لئے جاری ریسکیو آپریشن میں بڑی کامیابی سامنے آئی ہے اور لفٹ میں پھنسے 4 بچوں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے جس کے بعد آپریشن میں تمام افراد کو بحفاظت نکالنے کی امیدیں روشن ہوگئی ہیں۔
خیبرپختونخوا کے علاقے بٹگرام کے قریب آلائی میں صبح سویرے بچوں اور اسکول اساتذہ کو لے جانیوالی چیئر لفٹ کے 2 رسیاں ٹوٹ گئیں جس کے باعث لفٹ پھنس گئی، لفٹ میں استاد اور 4 بچے موجود ہیں، لفٹ سیکڑوں فٹ بلندی پر ایک جانب کو جھکی ہوئی ہے۔
جی او سی سی کی نگرانی میں پاک فوج کے کمانڈوز نے ریسکیو آپریشن کی آخری کوشش کی اور حکمت عملی تبدیل کر کے آدھے گھنٹے کے دوران 4 بچوں کو ریسکیو کیا اور پھر انہیں ہنگامی طبی امداد کے لیے آرمی کے میڈیکل کیمپ منتقل کیا۔
ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر سے مخصوص جیکٹ چیئرلفٹ میں پھینکی گئی جس کے بعد بچے نے اسے اپنے جسم پر باندھا اور پھر اُسے باحفاظت بازیاب کروایا جائے گا۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ آئندہ آدھے گھنٹے میں تمام لوگوں کو باحفاظت ریسکیو کرلیا جائے گا۔