بجلی بلوں میں اضافے پرعوام کا احتجاج، نگران وزیراعظم کا ہنگامی نوٹس

اسلام آباد(اُمت نیوز)نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بجلی بلوں میں اضافہ پر نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔
وزیراعظم نے وزارت بجلی اورتقسیم کارکمپنیوں سے بریفنگ کی ہدایت کی ہے، جبکہ کل ہونے والے اجلاس میں بلوں پر زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے حوالے سے مشاورت ہوگی۔
دوسری جانب بجلی کے بلوں میں اضافے پر ملک بھر میں عوام اور سول سوسائٹی کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے۔
راولپنڈی میں بجلی اور پانی بلوں میں ٹیکس کیخلاف عوام آج پھر سڑکوں پر آگئی، احتجاج میں تاجربرادری ، ٹریڈرزیونین اورشہری شامل ہیں ۔ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔
جہانیاں میں بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے او میونسپل کمیٹی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ تاجروں کی کثیر تعداد نے مظاہرے میں شریک تھی۔
جہلم میں بجلی کی بڑھتی قیمتوں اور بلوں میں اضافی ٹیکسز کے خلاف عوام سراپا احتجاج بن گئی۔ کچہری چوک میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرے میں جماعت اسلامی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے عہدہ داران و کارکنان،وکلاء،سماجی و کاروباری شخصیات اور شہریوں نے کثیر تعدد میں شرکت کی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے اور فلیکسز اٹھا رکھی تھیں، حکومت مخالف نعرے بازی کرتے ہوۓ حکومت سے بجلی کی قیمتیں اور اضافی ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
حافظ آباد میں بچوں کا بجلی کے بلوں میں اضافہ کیخلاف انوکھا احتجاج، بچوں نے کپڑے اُتارکر گلے میں بجلی کے بل ڈال کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی۔
ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بجلی کے زائد بلوں نے نہ صرف شہریوں بلکہ میپکو حکام کی بھی مشکلات کو بڑھا دیا۔
چیف ایگزیکٹیو میپکو نے دفاتر اور تنصیبات کی حفاظت کے لیے 15 اضلاع کے ڈی پی اوز کو مراسلہ جاری کرنے کیساتھ ساتھ ملازمین کو سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑیوں استعمال کرنے سے بھی روک دیا۔