بجلی بلوں میں ہوشربا اضافہ اور بھاری ٹیکسز کے خلاف ملک بھر میں احتجاج

اسلام آباد(اُمت نیوز) بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافہ اور بھاری ٹیکسز کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں تاجر برادری سمیت عام شہری احتجاج کر رہے ہیں۔
ملک کے مختلف شہروں میں مہنگی بجلی کے خلاف احتجاج میں عوام بڑی تعداد میں شرکت کر رہے ہیں اور ارباب اختیار سے بجلی سستی کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں، ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے شہری حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کر رہے ہیں۔توقعات سے بڑھ کر بجلی کے بل آنے پر لاہور کے عوام بھی بلبلا اٹھے، لاہور میں بجلی بلوں میں اضافے کے خلاف شاہدرہ کے رہائشیوں نے احتجاج کیا، مظاہرین نے بجلی کے بل جلائے اور مہنگی بجلی پر حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔رسالپور میں عوام بجلی کے بھاری کے خلاف سراپا احتجاج عوام نے مردان نوشہرہ جی ٹی روڈ مکمل طور پر ہر قسم کی ٹرایفک کیلئے بلاک کر دیا، بجلی بلوں کے خلاف تاجران نے تجارتی مراکز اور دکانیں بند کر دیں، مشتعل مظاہرین نے واپڈا پیسکو اور حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کے بھاری بلوں نے غریب عوام کی چیخیں نکال دی ہیں، حکومت بجلی کے بلوں سے ظالمانہ ٹیکس کٹوتیاں ختم کرے، ریلیف نہ دیا گیا تو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔
فیصل آباد میں بجلی کے بلوں کے خلاف شہریوں نے شیخوپورہ روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے روڈ کو بلاک کر دیا، عوام نے بجلی کے بلوں میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے فیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
بہاولپور میں واپڈا کے اضافی بلوں کے خلاف شہریوں نے کے ایل پی روڈ سندھ اور پنجاب کو ملانے والی قومی شاہراہ بلاک کردی جس کے باعث مین کراچی ہائی وی پر گاڑیوں کی دور دور تک لمبی قطاریں لگ گئیں، مظاہرین نے حکومت اور واپڈا کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔بجلی کے اوور بلوں پر ملتان میں صارفین نے بلال چوک پر احتجاج ریکارڈ کروایا، مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا کر مپیکو کے خلاف شیدید نعرہ بازی کی اور ٹائر جلا کر چوک کو چاروں طرف سے بلاک کرکے بجلی کے بل جلا دیے۔مہنگی بجلی اور ٹیکسز کی بھرمار کیخلاف صادق آباد میں تاجر تنظیموں نے احتجاجی ریلی، ریلی موبائل مارکیٹ سے پریس کلب تک نکالی گئی جس میں شرکا کا کہنا تھا کہ کمرشل بلز تو ایک طرف گھریلو بل ادا کرنا بھی ممکن نہیں رہا۔بجلی بلوں میں ظالمانہ ٹیکسوں اور بڑھتی قیمتوں کیخلاف حجرہ شاہ مقیم کے عوام نے بھرپور احتجاج کیا، مظاہرین شہریوں نے بجلی کے بل جلا دیے اور واپڈا و حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔دیپالپور میں بھی شہریوں نے دوران احتجاج بجلی کے بل جلا دیے اور مطالبہ کیا کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لے اور شہریوں کا معاشی قتل عام بند کرے۔بنگلہ گوگیرہ میں بجلی بلز میں ظالمانہ ٹیکس کے خلاف عوام نے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا، احتجاج میں مظاہرین نے بجلی کے بل بھی نظر آتش کر دیے، مظاہرین نے فیصل آباد روڈ بھی بلاک کر رکھا تھا۔کوٹ مراد خان میں بھی بھاری بجلی کے بلوں پر شہری بلبلا اٹھ، شہریوں نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دیا اور بلز میں ٹیکسس پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا، شہریوں نے بل ادا نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
بجلی کے بلز میں اضافے کے خلاف سخاکوٹ میں احتجاجی مظاہرہ ہوا، سخاکوٹ بازار میں مشتعل مظاہرین نے روڈ بلاک کر دیا، مظاہرین نے بجلی بلز ادا نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف میاں چنوں کے عوام بھی سڑکوں پر نکل آئے، شہریوں نے میاں چنوں ٹی چوک ملتان لاہور روڈ ٹریفک کیلئے بند کر دیا، شہریوں نے بجلی کے بل جمع کروانے سے انکار کرتے ہوئے بلوں کو آگ لگا دی، مظاہرین نے واپڈا اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف بہاولنگر میں بھی عوام نے رفیق شاہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں تاجروں اور شہریوں کی کثیر تعداد میں شرکت کی، مظاہرے میں شریک افراد نے حکومت مخالف شدید نعرے بازی کی اور بجلی کے بل پھاڑ کر نذر آتش کر دیے۔ مرکزی انجمن تاجران احمد پور شرقیہ نے منگل کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کا علان کر دیا، صدر انجمن تاجران ارشد راجپوت نے کہا کہ بجلی بلوں میں آئے روز اضافے کو تاجران مسترد کرتے ہیں، حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا، بجلی بلوں میں عوام کا دیوالیہ نکال دیا ہے۔