کوئی سیاسی پارٹی یالیڈر لوگوں کو سڑکوں پر نہیں لارہا : شیخ رشید

راولپنڈی (اُمت نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ کوئی سیاسی پارٹی یا کوئی سیاسی لیڈر لوگوں کو سڑکوں پر نہیں لارہا بلکہ بجلی اور پیٹرول کی قیمتیں ، بے روزگاری اور مہنگائی لوگوں کو سڑکوں پر لا رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ( ایکس ) پر ایک بیان میں سابق وزیرداخلہ و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا کہ ڈالر کی ٹرپل سنچری کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی بھی ٹرپل سنچری ہو گئی ہے، جب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 331روپے کا ہوگا تو بجلی کا بل ، کھانے کا تیل اور گاڑی کا تیل مہنگا ہوگا ، جتنی روپے کی قدر گرے گی اتنی مہنگائی بڑھے گی۔
انہوں نے کہاکہ مسئلہ سیاسی نہیں رہا ، اقتصادی اور معاشی ہوگیا ہے، عوام کا نام ریاست ہےاور عوام ہی مہنگائی سے پگھل گئی ہے، الیکشن کب ہوتے ہیں یہ کسی کو معلوم نہیں لیکن مہنگائی جس طرح بڑھ رہی ہے گھر گھر میں اسکی پکار ہےاور گھروں میں مہنگائی کے ہاتھوں صف ماتم بچھی ہوئی ہے کوئی روکنے والا نہیں ہے۔