میجر راجہ عزیز بھٹی شہید، نشان حیدر کا آج 58واں یوم شہادت

راولپنڈی : میجر راجہ عزیز بھٹی شہید جنگِ ستمبر 1965ء کا وہ درخشاں ستارہ ہیں جو دورانِ جنگ دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے رہے۔ انہوں نے دفاعِ وطن کی خاطر جان قربان کر دی تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افواج پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید، نشان حیدر کے 58ویں یوم شہادت کے موقع پر ان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

ان کی شاندار قائدانہ صلاحیت اور بے مثال بہادری مادر وطن کے دفاع کو ہر قیمت یقینی بنانے میں ہمارے لیئے مشعل راہ ہے۔ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے لہو سے سرزمین وطن کی آبیاری کی۔

ازلی دشمن بھارت کی فوج پراپنی شجاعت و بہادری کی دھاک بٹھا کر اُس کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے یہ ثابت کر دیا کہ بہادرسپاہی مشکلات میں گھبرایا نہیں کرتا۔

بہادر سپاہی ملک کے دفاع کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتا۔ بِلاشبہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا یوم شہادت افواج پاکستان کی مادر وطن کیلئے دی جانے والی قربانیوں کا مظہر ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کے یوم شہادت کے موقع پر جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ ملک کی آبرو کی خاطر جان نچھاور کرنے والے یہ درخشندہ ستارے بلاشبہ عزت وتکریم کے مستحق ہیں۔