نوازشریف کیخلاف سازش کرنیوالا ہرایک رسوائی سمیٹ کر گھرگیا، مریم نواز

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والا ہر ایک رسوائی سمیٹ کر گھر گیا، 21اکتوبر کو عوام نواز شریف کا تاریخی استقبال کرکے پانامہ اور اقامہ کے ڈرامہ سازوں کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیں گے۔ نجی ہوٹل میں مسلم لیگ (ن) کے گرینڈ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا21اکتوبر ہم سب کے سرخرو ہونے کا دن ہے جب کسی فرد کا نہیں بلکہ پاکستان کے روشن مستقبل کا استقبال ہو گا ۔

نواز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ،شرکاء نے کھڑے ہو کر تالیوں سے قائد کا استقبال کیا ۔ مریم نے نوازشریف کی واپسی کے حوالے سے تیاریوں پر بریفنگ دی۔ مریم نے کہا نواز شریف کے استقبال کے لئے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ’’سینٹرل فسیلی ٹیشن کنٹرول سینٹر‘‘قائم کر دیا گیا ہے ، نواز شریف کا استقبال تاریخی ہوگا۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا نوازشریف نے زخم کھا کر بھی پاکستان کے زخموں پر مرہم رکھا ہے، نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی ملک بنایا، آج اسے بھکاری ملک بنادیا گیا جو باعث شرم ہے، نوازشریف کو وزیراعظم بناکر عوام اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں گے ۔ احسن اقبال نے کہا پاکستان کی ترقی کے عمل کو ایک سازش کے تحت روکا گیا، نواز شریف ہی نہیں، پاکستان کی ترقی، سی پیک اور پاکستان کے دوست ممالک کے خلاف بھی سازش ہوئی۔

رانا ثناء اﷲ نے کہا نوازشریف کی سیاست پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوش حالی ہے، نوازشریف کے خلاف سازش اصل میں عوام اور پاکستان کے خلاف سازش ہوتی ہے، جب پاکستان ترقی کرتا ہے، اسے گرایا جاتا ہے، پاکستان کی ترقی سے چند کرداروں کو تکلیف ہوگئی، نوازشریف حکومت ختم نہ ہوتی تو مہنگائی ختم ہوچکی ہوتی، سازش نہ ہوتی تو آج پاکستان بھیک مانگنے پر مجبور نہ ہوتا۔ پاکستان لوٹنے والے صداقت اور امانت کے سرٹیفکیٹ بانٹتے رہے۔ علاوہ ازیں سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے نوازشریف سے ملاقات کےلئے لندن پہنچنے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان آمد کے موقع پر لیگی کارکنوں کے علاوہ عام افراد بھی استقبال کیلئے آئیں گے، سابق وزیراعظم کی آمد پر جمہوریت اور ووٹ کو عزت دو کے فلسفے کو دل سے ماننے والے باہر آئیں گے۔ انہوں نے کہاکسی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں۔

دریں اثنا مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے لندن میں نوازشریف سے ملاقات کے بعد کہا سپریم کورٹ کی براہ راست سماعت تاریخی تھی جن کو ڈر نہیں ہوتا وہ ایسے اقدام کرتے ہیں۔ مجھےلندن میں ٹرولنگ کرنے کی ویڈیو جعلی، آواز ڈب کرکے چلائی گئی ہے۔نوازشریف کی پاکستان واپسی اٹل ہے اور 21 اکتوبر کی ڈیٹ فائنل ہے۔ نوازشریف کا شاندار ویلکم ہوگا۔