وزارت مذہبی امور کا مختصر دورانیہ کا حج متعارف کروانے کا اعلان

اسلام آباد:  وزارت مذہبی امور نے مختصر دو رانیہ کا حج متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے ۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس ہوا جس میں نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد کاکہنا تھا کہ اس مرتبہ حج کے انتظامات قبل از وقت کررہے ہیں۔

ان کاکہنا تھا  کہ حج کا دورانیہ 18سے 20دن پر مشتمل ہو گا ، مختصر حج کا فیصلہ حجاج کرام خود کریں، مختصر حج کا دورانیہ 18سے  30دن تک کیا جا سکتا ہے ۔

نگران وزیر مذہبی امور نے کہا ہے کہ سعودی حکومت نے ہمیں سرکاری طورپر رہائش گاہیں دینے کی پیشکش کی ہے، اگر تمام حجاج ہم سعودی حکومت کو دیں گے تو وہ کچھ رعایت بھی کرنے کو تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا  کہ سعودی حکومت حجاج کی تعداد ایک کروڑ تک کرنے کا پلان رکھتی ہے، اس وقت روڈ ٹو مکہ پروگرام صرف اسلام آباد سے چل رہا ہے، سعودی حکومت نے کراچی کو اگلے حج میں روڈ ٹو مکہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، لاہور کو بھی روڈ ٹو مکہ پروگرام میں شامل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔