کندھ کوٹ:راکٹ لانچرکاگولہ پھٹنے سےدھماکا،جاں بحق افراد کی تعداد 9ہوگئی

کندھ کوٹ : سندھ کے ضلع کشمور کی تحصیل کندھ کوٹ میں کچے کے علاقے گھوڑہ گھاٹ کے ایک گھر میں راکٹ کا گولہ پھٹ گیا۔دھماکے کے نتیجے میں 5 بچوں سمیت9افراد جاں بحق اور4افراد زخمی ہوگئے، دھماکے بعد پولیس اور رینجرز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 45 سالہ حنیفان، 28 سالہ نیاز احمد، 25 سالہ ایاز احمد، 5 سالہ راشد محمود، 4 سالہ زبیر، 2 سالہ رخسانہ، 3 سالہ قربان اور 5 سالہ رخسانہ شامل ہیں، 23 سالہ زخمی خدیجہ کو زخمی حالت میں رحیم یار خان لے جایا جارہا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راست میں ہی انتقال کر گئیں، مزید تفتیش شروع کر دی گئی، جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

واقعہ گھوڑا گھاٹ تھانہ کی حدود علی نواز سبزوئی میں پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ و تدفین ان کے آبائی گاؤں میں ادا کردی گئی جس میں سبزوئی قبیلے کے افراد سمیت علاقے کے معززین نے شرکت کی ۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق بچوں کو راکٹ کا گولہ بچوں کو زرعی زمین سے ملا تھا جسے وہ گھر لے آئے اور آگ میں پھینک دیا جودھماکہ سے پھٹ گیا۔ایس ایس پی روحل کھوسو کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق کچھ روز قبل دو گروپوں کے درمیان لڑائی میں راکٹ فائر کئے گئے۔

دوسری جانب نگراں وزیرِ اعلی سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے کندھ کوٹ میں راکٹ پھٹنے پر آئی جی سے رپوٹ طلب کر لی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ نگران وزیرِ اعلی سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا۔ مقبول باقر کا کہنا ہے کہ راکٹ لانچر زنگی سبزوئی گوٹھ میں کیسے پہنچا، کوئی اسلحے کی کھیپ کچے میں اسمگل ہو رہی تھی؟نگران وزیرِ اعلی نے آئی جی پولیس سے سوال کیا ہے کہ کیا گوٹھ میں ڈکیتوں کے سہولت کار موجود ہیں؟ راکٹ کیسے بلاسٹ ہوا؟ تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کندھ کوٹ میں گھر میں راکٹ پھٹنے کا نوٹس لے لیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے آئی جی سندھ اور کمشنر لاڑکانہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔گورنر ہاؤس کے ترجمان کے مطابق کامران ٹیسوری نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے ورثا سے اظہارِ تعزیت کیا۔سابق وزیر اعظم شہباز شریف اور سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف،رہنما فنکشنل لیگ سردار عبدالرحیم کا کندھ کوٹ میں راکٹ کا گولہ پھٹنے سے جانی نقصانات پر اظہار افسوس واقعے کی تحقیقات ، علاقے میں سویپ آپریشن کیا جائے تاکہ مزید ایسا کوئی واقعہ نہ ہو۔