لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف کے وطن واپسی سے قبل مشرق وسطیٰ کے 3 ممالک کے دوروں کا امکان ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف پاکستان پہنچنے سے قبل سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کا دورہ کر سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف ملکی معاشی معاملات کو حل کرنے کے لئے کچھ اقداما ت کررہے ہیں اور اس حوالے سے وہ تین مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ رابطے میں بھی ہیں۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کے وطن پہنچتے ہی مشرق وسطیٰ کے ممالک سے اچھی خبریں آنا شروع ہو جائیں گی، نواز شریف ان معاشی خوشخبریوں کا انتخابی جلسوں میں ذکر بھی کریں گے۔دریں اثناء نوازشریف سے صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی۔ملاقات میں خیبرپختونخوا سے متعلق سیاسی، پارٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔شہبازشریف نوازشریف سے ملاقات کے بعد آج لندن سے واپس پاکستان پہنچیں گے۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف واپس آنے کے بعد قانونی ٹیم سے نواز شریف کے کیسز کے حوالے سے اہم مشاورتی ملاقات کرینگے۔
شہباز شریف کو نواز شریف کی واپسی میں حائل قانونی رکاوٹوں کو دور کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔مریم نواز استقبال کی تیاریوں کی نگرانی کرینگی۔علاوہ ازیں نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کی تیاریوں کے لئے مسلم لیگ (ن) لاہور میں یکم اکتوبر سے8اکتوبر تک 7جلسے کرے گی جن سے مریم نواز خطاب کرینگی ،پہلا جلسہ یکم اکتوبر کو شاہدرہ ٹاؤن میں ہوگا۔مزیدبرآں نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے جاتی امراء میں مریم نواز کے زیر صدارت اجلاس ہوا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos