اسلام آباد : نگران وزیر اعظم انوار الحق نے کہا ہےغیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو ہر صورت واپس جانا پڑےگا، نجکاری کا عمل تیز اور شفاف بنا رہے ہیں، میڈیا تنقید ضرور کرے مگر تضحیک اور توہین نہیں،اسرائیل فلسطین جنگ پر سعودی عرب سے رابطے میں ہیں۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم سے کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے وفدنے صدر ارشاد احمدعارف کی قیادت میں ملاقات کی۔وفد میں اعجاز الحق، کاظم خان، محمد حیدر امین ، ایاز خان،عامر محمود، انور ساجدی، ضیاء تنولی، غلام نبی چانڈیو، ذوالفقار راحت اور دیگر شامل تھے ۔وفد نے وزیراعظم کو پاکستانی اخبارات کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے وزارت اطلاعات و نشریات اور وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ اخبارات کو درپیش تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
انہوں نے کہا ریاست کیخلاف منفی پراپیگنڈہ کی منظم مہم چلائی جاتی ہے ، ان کے دورہ امریکہ کے بارےمیں جھوٹی خبروں اور بے جا تنقید کی منظم مہم چلائی گئی،امریکہ کا دورہ مختصر ترین وفد کیساتھ کیا،امریکہ میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کا کیس موثر انداز میں پیش کیا،موسمیاتی تبدیلی کے ثقافتی پہلو کو قرآن کا حوالہ دیکر دنیاکےسامنے پیش کیا،ایم ڈی عالمی مالیاتی ادارے نے سمگلنگ اور ڈالر کی غیرقانونی خرید و فروخت کو روکنے کے حکومتی اقدامات کو سراہا، قلیل مدت میں سمگلنگ اور ڈالر پر سٹےبازی کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کئے،روپے کی ڈالر کے مقابلے میں بڑھتی ہوئی قدر اس مہم کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے، بجلی چوری روکنے کیلئے ملک بھر میں اقدامات کئے جار ہے ہیں،آرمی چیف نے اپنی ٹیم اور سول انتظامیہ کو سمگلنگ روکنے کی ہدایات دیں،آرمی چیف کی ہدایت کے بعد بہتر نتائج سامنے آئے، پاکستان میں وسط ایشیائی ریاستوں سے تجارت کی اربوں ڈالر کی استعداد موجود ہے، پوری کوشش کر رہا ہوں اس مختصرمدت میں ایسے اقدامات اٹھائوں جس سے ہم اپنی تجارت کی اس استعداد کو بروئے کار لا سکیں، دورہ چین میں پاک چین سٹریٹجک تعلقات، دوطرفہ تجارت، سی پیک اور سیاحت کے فروغ پر بات ہوگی،دسمبر کے آخر یا جنوری کےشروع میں بہت سے ایم او یوز پر دستخط ہو جائیں گے، پی آئی اےاور ڈسکوز کی شفاف انداز میں نجکاری اولین ترجیح ہے،خسارے کا شکارسرکاری اداروں کی نجکاری سے ملکی خزانے کو ہونے والا نقصان کم ہوگا،نجی شعبے کی شمولیت سے مثبت کاروباری مسابقت بڑھے گی اور عوام کو بہترین سہولیات میسر ہوں گی، نجکاری کا عمل جلدمکمل کریں گے، افغان ہمارے بھائی ہیں، قانونی مقیم افغان پناہ گزینوں کو کوئی واپس نہیں بھیج رہا،صرف غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کو ملک بدر کیا جا رہا ہے، غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو ہر صورت واپس جانا پڑےگا،31 اکتوبر کے بعد ان کیخلاف سخت کارروائی ہوگی،ہمارا قومی موقف ہےاسرائیل ظالم ہے اور فلسطینی مظلوم ہیں،پاکستان مظلوموں کیساتھ کھڑا ہے، او آئی سی کا اجلاس بلایا جارہا ہے،بھرپور کردار ادا کریں گے۔
نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو بطور سابق وزیراعظم لندن ائیرپورٹ پر ہائی کمیشن نے رخصت کیا،لاپتہ افراد کے معاملےپر میں ہیرو نہیں بننا چاہتا،میڈیا کاحق تنقید قبول کرتا ہوں اور کسی قسم کی پابندی کے حق میں نہیں،معاشرے میں مثبت بحث و مباحثے اور تنوع و اختلاف رائے پر مبنی گفتگو سننے کے ماحول کو فروغ دینا ہوگا جس میں اخبارات کا کلیدی کردار ہے۔ ملاقات میں سیکرٹری اطلاعات ظہور احمد،پرنسپل انفارمیشن آفیسر طارق محمود خان اور متعلقہ اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔
نگران وزیراعظم نےقبل ازیں گفتگو میں کہا مالی ضروریات کیلئے الیکشن کمیشن اوروزارت خزانہ میں مذاکرات چل رہے ہیں، بلوچستان میں سکیورٹی اور گورننس کے چیلنجز درپیش ہیں جبکہ وسائل کی کمی ایک پہلوہے تاہم وسائل کی بےضابطگی بھی بڑا مسئلہ ہے،ان دونوں پہلوئوں پر توجہ ہوگی توگورننس کامسئلہ حل ہو جائے گا،جنوری میں الیکشن کےحوالے سے بہت مطمئن ہیں، اس کیلئے الیکشن کمیشن اپنی مشق بہت حد تک پوری کرچکا ، الیکشن کرانے کیلئے جوپیسے چاہئیں اس پر بھی ان کی پوری تیاری ہے۔
ڈیجیٹل میڈیا کو انٹرویو میں نگران وزیراعظم نے کہا ن لیگ سمیت کسی سیاسی جماعت کیلئے کوئی نرم گوشہ نہیں ،نواز شریف کی واپسی کیلئے نگران حکومت کی کسی سے ڈیل کا تاثر درست نہیں، نواز شریف پی ٹی آئی دورحکومت میں عدالت کی اجازت سے باہر گئے تھے، نواز شریف واپس آ کر سیاست میں حصہ لینا چاہتے ہیں تو انہیں کئی قانونی رکاوٹوں کا سامنا کرناپڑے گا،آصف زرداری ہوں، نوازشریف یا چیئرمین پی ٹی آئی ،ہر کسی کو اپنے مقدمات کیلئے قانونی حل تلاش کرنا ہو گا۔نگران وزیراعظم سے بحرین میں سابق سفیر جاوید ملک نے ملاقات کی، جاوید ملک نے اوورسیز پاکستانیوں کیساتھ پاکستان میں سرمایہ کارانہ سرگرمیوں میں تعاون کیلئے پلیٹ فارم تشکیل دینے کی تجویز پیش کی۔وزیراعظم نےبورڈ آف انویسٹمنٹ کے اعلیٰ حکام کو اوورسیز پاکستانیوں کیساتھ سرمایہ کارانہ اشتراک کیلئےمؤثر حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی ۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos