مقتول عنایت اللہ کے قاتلوں کی گرفتاری تک دھرنا جاری رہے گا۔ فائل فوٹو
مقتول عنایت اللہ کے قاتلوں کی گرفتاری تک دھرنا جاری رہے گا۔ فائل فوٹو

کراچی، تصادم کے دوران فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

کراچی:سہراب گوٹھ کے علاقے جونیجو کالونی میں ایم کیو ایم کا دفتر کھولنے پر جھگڑے میں  فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ فائرنگ سے 5 افراد زخمی ہوئے تھے۔

مقتول کے اہلخانہ نے سپر ہائی وے پرلاش رکھ کردھرنا دے دیا، احتجاج کے باعث کراچی سے حیدرآباد جانے اور آنے والا روڈ بند ہوگیا ہے۔

کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان مسلح تصادم میں گولی لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت عنایت اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز سہراب گوٹھ میں مسجد کی دکانوں میں سیاسی جماعت کا دفترکھولنے پر لڑائی شروع ہوئی، جو مسلح تصادم میں بدل گئی، اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور واقعے میں 5 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا، تاہم آج دوران علاج ایک شخص دم توڑ گیا، جس کی شناخت عنایت کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق مقتول عنایت کے بھائی کی مدعیت میں فائرنگ کا مقدمہ تھانہ سہراب گوٹھ میں درج کیا گیا، جس میں قتل، اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

دوسری جانب مقتول عنایت کے اہلخانہ نے سپر ہائی وے پرلاش رکھ کر دھرنا دے دیا ہے، اور مظاہرین کا کہنا ہے کہ قاتلوں کی گرفتاری تک دھرنا جاری رہے گا۔

احتجاج کے باعث کراچی سے حیدرآباد جانے اور آنے والی شاہراہ مکمل طور پر بند ہوگئی ہے، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑر ہا ہے، اور گاڑیوں کا طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔