نگراں حکومت لیاری میں بم دھماکے سے متعلق حقائق سامنے لائے،عبدالرشید

کراچی: نگراں حکومت لیاری میں بم دھماکے سے متعلق حقائق سامنے لائے ۔ سابق ایم پی اے جماعت اسلامی سید عبدالرشید نے لیاری میں مسلسل بڑھتے ہوئے جرائم ، دستی بم حملے، اسٹریٹ کرائم اور منشیات کے کاروبار پر تشویش کااظہار کیا ۔اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ بہارکالونی میں دوروز قبل دیسی ساختہ بم دھماکے میں ایک خاتون جاں بحق اورآٹھ افراد بچوں سمیت زخمی ہوئے،انہوں نے کہاکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے تفتیشی ادارے تاحال واقعے کے حقائق سامنے نہ لاسکے، لیاری کے عوام اس واقعے کے بعد سے مزید خوف وہراس میں عدم تحفظ کا شکار ہیں۔بم حملے میں ملوث افراد کو گرفتار اور واقعے کا نشانہ بننے والے معصوم خاندانوں کو معاوضہ دیاجائے ۔انکاکہنا تھا لیاری کے چاروں تھانوں کی حدود میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں تیزی سے اضافہ باعث تشویش ہے۔منشیات کھلے عام بک رہی ہے اور پولیس تماشا دیکھ رہی ہے۔انہوں نے نگراں وزیر داخلہ سندھ ، آئی جی سندھ سے لیاری میں بے امنی کا نوٹس لینے اور عوام کو جان ومال کاتحفظ دینے کا مطالبہ کیا ۔