بنگلور کی عمارت میں آتشزدگی، شہری چوتھی منزل سے کود گیا

بنگلور: بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلور کی چار منزلہ عمارت میں سلنڈر دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلورو میں کیفے کی چار منزلہ عمارت میں سلنڈر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں عمارت میں آگ بھڑک اٹھی اس دوران ایک شخص جان بچانے کے لیے چوتھی منزل سے نیچے کود گیا، خوش قسمتی سے اس کی جان بچ گئی، واقعے کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی ہے۔

آگ لگنے کا واقعہ ایک تجارتی عمارت میں واقع کیفے کی چوتھی منزل پر پیش آیا جس میں ایک باڈی بلڈنگ کلب اور ایک کار شوروم بھی ہے۔ آگ سے بچنے کے لیے چھت سے چھلانگ لگانے والے شخص سمیت دو افراد شدید زخمی ہوئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آگ دوپہر کے قریب ‘مڈ پائپ کیفے’ میں لگی جہاں کئی ایل پی جی سلنڈر رکھے گئے تھے۔ 8 فائر ٹینڈرز نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔ پولیس کے مطابق آگ پر قابو پالیا گیا ہے، حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس وقت کیفے میں کوئی گاہک موجود نہیں تھا۔