وڈھ تنازع : اختر مینگل کا سرفراز بگٹی پر ڈیتھ اسکواڈ چلانے کا الزام

کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ اختر مینگل کا کہنا ہے کہ میرے گھر سے 40 یا 50 گز دور راکٹ آکر گرے ہیں، جو گولیاں میرے گھر پر آکر لگی ہیں وہ ہیوی مشین گن کی گولیاں ہیں، وڈھ شہر میں کافی لوگ اپنی کو خطرہ محسوس کر رہے ہیں۔

نجی ٹی وی پر وڈھ کی صورت حال پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اختر مینگل نے کہا کہ ہمیں حیرانگی ہے بلوچستان میں ایپکس کمیٹی کی پہلی بار میٹنگ بلائی گئی اور اس میں جو مسئلہ زیر بحث آیا وہ وڈھ کا تھا، بلوچستان میں کئی ایسے قبائلی جھگڑے ہوچکے ہیں جن میں کئی لوگ مارے جاچکے ہیں، ابھی بھی وہ قبائلی جھگڑے جاری ہیں، لیکن وہ مسائل ایپکس کمیٹی میں زیر بحث نہیں آتے۔

اختر مینگل ئے نے کہا کہ ابھی بھی ایپکس کمیٹی نے وہی فیصلہ کیا ہے جو دوسرے فریق کی ڈیمانڈز تھیں، میاں شہباز شریف کی بھی جب حکومت تھی، جب ہم ان سے ملے تھے تو وہ یہی کہتے تھے کہ فلانی جگہیں مورچے آپ لوگ خالی کریں، اُس (فریق) کے جو لوگ ہوں گے وہاں پر بیٹھے رہیں گے کیونکہ وہ خطرہ محسوس کرتے ہیں، یہ آپ کے خفیہ اداروں کے یا آپ کی عسکری قوت کے لوگوں نے مجھ سے کہا ہے کہ ان کی حفاظت بہت ضروری ہے کیونکہ وہ ہمارا سرمایہ ہمارا ایسیٹ ہیں’۔