شمالی،جنوبی وزیرستان میں جھڑپیں،کمانڈرسمیت6 دہشتگردہلاک،4 جوان شہید

راولپنڈی : شمالی اور جنوبی وزیرستان میں فائرنگ کے تبادلے میں کمانڈر سمیت 6 دہشتگرد ہلاک جبکہ چار فوجی جوان شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پہلا واقعہ شمالی وزیرستان کے علاقے گڑیوم میں پیش آیا جہاں پر فوج نے موثر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں چھ دہشتگرد ہلاک ہوگئے،اس میں اہم کمانڈرحضرت زمان عرف خاورے ملا بھی شامل تھا جو سکیورٹی فورسز کو مطلوب تھا ۔ واقعہ میں تین بہادر فوجی لانس نائیک تبسم الحق عمر 36سال سکنہ راولپنڈی،سپاہی نعیم اختر عمر 30سال سکنہ ضلع اٹک اور سپاہی عبد الحمید عمر 23سال ملتان کے رہائشی تھے۔

دوسرا واقعہ جنوبی وزیرستان کےعلاقے اسمان منزہ میں پیش آیا جس میں سپاہی فرمان علی شہید ہو گئے، ان کی عمر 25سال تھی اور ضلع کشمور کے رہائشی تھے ۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے سکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، فورسز وطن سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی پرویز اشرف نے اپنے پیغام میں دہشتگروں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہادت کے رتبےپر فائز ہونے والے لانس نائیک تبسم الحق اور سپاہیوں نعیم اختر، عبدالحمید ، فرمان علی کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہدا کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔اسپیکرنے شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ۔