کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں دوائیں زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کے خلاف دو لاکھ روپے کے جرمانے ، ایک میڈیکل اسٹور سیل کردیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد کی ہدایت پر جعلی و زائد قیمتوں پر ادویات کی فروخت کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں ۔ اس ضمن میں چیف ڈرگ انسپکٹر سندھ غلام علی لاکھو کے اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ ندا سمن کے ہمراہ ایم اے جناح روڈ پر مختلف فارماسیز پر چھاپے مارے۔ادویات کی زائد قیمتوں پر فروخت اور ایم آر پی میں ٹیمپرنگ پر مختلف فارماسیز پر دو لاکھ روپے کے جرمانے کیے۔ مارفانی میڈیکل اسٹور کے غیر لائسنس یافتہ دکان کے احاطے کو تالے لگا کر سیل کر دیا گیا۔مارفانی میڈیکوز پر 25 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ۔ ارحم انٹرپرائزز پر پچاس ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا ۔ اسی طرح زکی میڈیکوز پر 75 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔بلیو ٹریڈرز پر پچاس ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔جعلی، زائد قیمتوں پر فروخت اور ایم آر پی میں ٹیمپرنگ پر ضبط ادویات کے نمونوں کا لیبارٹری ٹیسٹ کیا جائے گا۔