فائل فوٹو
فائل فوٹو

144سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشانات الاٹ، تحریک انصاف کو’’ بلا‘‘ مل گیا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں انتخابی نشانات کی نئی فہرست مرتب کر لی۔ذرائع کےمطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو 144 انتخابی نشانات الاٹ کر دیئے گئے جبکہ آزاد امیدواروں کیلئے 182 نشانات مختص ہیں۔ فہرست میں تحریک انصاف کیلئے ’’بلے‘‘ کا نشان بھی شامل ہے۔مرتب کردہ انتخابی فہرستیں ضلعی الیکشن کمشنرز کو ارسال کر دی گئیں۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت جاری کی ہے کہ سب سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ مہیا کیا جائے۔چند روز قبل الیکشن کمیشن نے 25 اکتوبر کو ملک بھر میں تمام انتخابی فہرستوں کو منجمد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 25 اکتوبر کے بعد ووٹ کا اندراج ہو سکے گا اور نہ ہی منتقلی۔الیکشن کمیشن نے 8 لاکھ سے زائد افراد کا ڈیٹا نادرا سے حاصل کر لیا جنہیں ووٹرز بنانے کیلئے ڈیٹا انٹری جاری ہے۔ترجمان نے بتایا تھا کہ یہ تمام افراد آئندہ عام انتخابات میں ووٹ پول کر سکیں گے، ووٹ اندراج، منتقلی اور کوائف درستگی میں صرف4 دن رہ گئے ہیں، ووٹ کے اندراج، تبدیلی اور کوائف درستگی 25 اکتوبر تک کی جا سکتی ہے۔الیکشن کمیشن نے ہدایت کی تھی کہ اپنے اور اپنے اہل خانہ کے ووٹ کے اندراج کو یقینی بنائیں۔

ادھر نئی حلقہ بندیوں پر اعتراضات وصول کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کے دفاتر  ہفتہ اور اتوار کے روز بھی کھلے رہیں گے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد میں قائم سہولت ڈیسک اور اعتراضات وصولی سنٹر کا عملہ ہفتہ اور اتوار کے روزہ بھی چھٹی نہیں کرے گا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ نئی حلقہ بندیوں پر اعتراضات 27 اکتوبر تک جمع کرائے جا سکتے ہیں، دفتری اوقات میں سنٹر سے نقشہ جات بھی حاصل کئے جا سکتے ہیں۔