مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد پریس کانفرنس کر رہے ہیں، فوٹو امت
مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد پریس کانفرنس کر رہے ہیں، فوٹو امت

گیس کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں، آفاق احمد

کراچی: مہاجر قومی موؤمنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، کے الیکٹرک کی اجارہ داری ختم کیے بغیر بجلی کا مسئلہ حل نہیں ہوگا،مہاجر قومی موومنٹ حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ کراچی میں بجلی فراہم کرنے والی والی مزید کمپنیوں کو مدعو کیا جائے اور انہیں بھی  کے الیکٹرک کی طرح بجلی فراہم کرنے کے کاروبارکی اجازت دی جائے ۔

آفاق احمد نے کہا کہ کراچی دنیا کے چند بڑے شہروں میں سے ایک اور بہت گنجان آبادی کا شہر ہے یہاں ایک سے زیادہ بجلی فراہم کرنے کی کمپنیوں کے بیک وقت کا م کرنے کی گنجائش موجود ہے لیکن کے الیکٹرک کی اجارہ داری قائم کرکے ساڑے تین کروڑانسانوں کی زندگیوں کو عذاب میں مبتلا کیا ہوا ہے، ملک کی بااثرسیاسی اور غیر سیاسی شخصیات کی سر پرستی کی وجہ سے کے الیکٹرک مست ہاتھی بنا ہوا ہے،اضافی بلنگ، غیرمعیاری سروسزاور غیر قانونی طور پر بجلی کے کنکشن کاٹنے کا عمل اور طویل لوڈشیڈنگ معمول ہے۔

آفاق احمد نے کہا کہ  شہری پانی کو ترس رہے ہیں اس شہر میں آبادی کے تناسب سے پانی کی فراہمی پہلے ہی بہت کم ہے اس پر ظلم یہ ہے کہ ملک بھر سے روزگار کے حصول کے لئے آئے ہوئے لاکھوں لوگوں نے انتظامیہ کی مدد سے زمینوں پر قبضے کرکے آبادیاں بنائی ہوئی ہیں، جہاں سے گزرنے والی پانی کی لائنوں اور پمپنگ اسٹیشنوں پر ان کے قبضے ہیں جہاں واٹر بورڈ کا عملہ ناجائز کنکشن کاٹنے جاسکتا ہے اور نہ ہی پمپنگ اسٹیشنوں پر طے شدہ پروگرام کے مطابق پانی کی فراہمی کیلیے

انھوں نے کہاکہ  واٹربورڈ کی بے بسی کی وجہ سے مکین پانی کو ترس رہے ہیں ِ،جگہ جگہ بورنگ کے پانی کو استعمال کے قابل بنا نے کیلیے کاروباری حضرات نے آر اوپلانٹ لگائے ہوئے ہیں،جہا ں سے شہری پانی کین خرید نے پر مجبور ہیں

میں وزیر اعلیٰ  جسٹس مقبول باقرسے درخواست کرتا ہوں کہ اس شہر کے لوگوں کو پانی جیسی بنیادی سہولت فراہم کرنے کیلیے رینجرزکو واٹربورڈکے عملے کی سیکیورٹی پر تعینات کرکے غیرقانونی کنکشن اور ہائیڈنٹس کا خاتمے اور پمپنگ اسٹیشنوں پرسے قبضہ مافیہ کے خاتمے کو یقینی بنائیے تاکہ جگہ جگہ بنے ہوئے کربلا کو پانی مل سکے۔

انھوں نے کہاکہ کراچی کا بنیادی ڈھانچہ کچی آبادیوں، غیر قانونی تعمیرات اور ایک ہی شہر میں رہائشی علاقوں کوکنٹرول کرنے کیلیے درجنوں ایجنسیوں،ادارواں کی وجہ سے بوسیدہ ہوچکاہے،ایسے بے ہنگم شہر میں جو ملک کی واحد بندر گاہ ہے، غیرملکی سر مایہ کاری اور معاشی ترقی بہت مشکل ہے۔

آفاق احمد نے کہاکہ مہاجر قومی موومنٹ سمجھتی ہے کہ شہر میں بہتری کیلیے رہائشی علاقوں کا مکمل کنٹرول مئیر کے پاس ہونا چاہیے اور بنیادی سہولیتں فراہم کرنے والے ادارے بھی مکمل طور پر مئیر کے کنٹرول میں ہونے چاہیے۔

آفاق احمد نے کہاکہ فلسطین میں اسرائیل کے مظالم پر جو کچھ کرنا ہے مسلم ممالک کے حکمرانوں نے کرنا ہے۔ فلسطین میں نہتے عوام کے خلاف اسرائیل کی دہشت گردی اور اس دہشت گردی میں معصوم بچوں،خواتین سمیت ہزاروں مسلمانوں کی شہادتوں پر ہر مسلمان کی طرح ہم بھی دکھی ہیں ہمارا دل بھی خون کے آنسو رورہا ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ عوام احتجاج کرنے، ریلی نکلنے اور اپنے بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرنے کے علاوہ کچھ بھی نہیں کرسکتے۔

انھوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلم ممالک کے حکمران اسرائیل کی بربریت کو لگام دینے کیلیے ٹھوس اور فوری فیصلے کریں،ایسالگ رہا ہے کہ تمام اسلامی ممالک فلسطین کے مکمل تباہ ہونے کا انتظار کررہے ہیں۔