لاہور: تھانہ چوہنگ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 سگے بھائیوں سمیت 5 افراد جاں بحق اور ایک بچہ زخمی ہوگیا۔ آئی جی پنجاب کا نوٹس، پولیس نے شوہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردیئے۔ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں تھانہ چوہنگ کی حدود میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق اور ایک بچہ زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 55 سالہ شہزاد اعوان، 50 سالہ غلام مرتضٰی، 45 سالہ غلام مصطفیٰ، 20 سالہ فہد ار 55 سالہ ملک خادم شامل ہیں۔جاں بحق ہونے والوں میں ملک شہزاد، غلام مصطفیٰ اور غلام مرتضٰی حقیقی بھائی تھے۔
فائرنگ کی زد میں آکر 5 سالہ ابوبکر زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے جاں بحق افراد کی لاشیں جناح اسپتال مردہ خانے منتقل کرکے تحقیقات شروع کردیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر واقعے کی وجوہات کا تعین نہیں ہوسکا تاہم پولیس ملزمان کا سراغ لگانے اور جائے وقوعہ کو سیل کرکے شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہے۔
ایس ایچ او تھانہ چوہنگ ناصر حمید نے بتایا کہ مقتولین کا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں تھا، مرنے والوں میں 3 سگے بھائی، ایک کزن اور ملازم شامل ہے،ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوئے جبکہ تحقیقاتی ٹیمیں وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور کے علاقے چوہنگ میں فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔ آئی جی پنجاب نے سینئر پولیس افسران کو جائے وقوعہ پر پہنچنے کا حکم دے دیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos