گیس کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ آئندہ اجلاس میں غور آئے گا، فائل فوٹو
گیس کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ آئندہ اجلاس میں غور آئے گا، فائل فوٹو

کابینہ اجلاس،گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی سمری موخر

اسلام آباد: نگراں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گیس کی قیمتوں میں اضافہ کا معاملہ زیرغور نہ آسکا،گیس کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے سمری آج کابینہ میں پیش نہیں ہوئی، اس حوالے سے آئندہ اجلاس میں غور کیا جائے گا۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں 14 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا گیا۔

اجلاس میں حج پالیسی 2024، حج اورعمرہ ریگولیشن بل 2023 منظوری کے لیے پیش کیا گیا، ائرلائن فلائی جناح کو بین الاقوامی روٹس فراہم کرنے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا، جب کہ غیر ملکی غیر قانونی باشندوں کی وطن واپسی احکامات بھی ایجنڈا میں شامل تھا۔

انکوائری کمیشن برائےلاپتہ افراد کی مدت میں توسیع بھی ایجنڈے میں شامل تھی، اور کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 6، 26 اور 27 اکتوبر کے فیصلوں کی توثیق بھی شامل تھی۔

اجلاس میں ایف آئی اے اور انسداد انسانی اسمگلنگ کے پولیس اسٹیشنز کے قیام اور رولز میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی، پاکستان تاجکستان کے رمضان تجارت، برآمدات و درآمدات میں اضافہ سے متعلق معاہدے کی منظوری دی گئی، اور ایل این جی اور ایل پی جی خریداری اور کارگو سے متعلق پیپرا رولز میں نرمی کی منظوری پر بھی بحت ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم ہوگیا لیکن گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے حوالے سے معاملہ زیرغور نہیں آیا۔ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ آئندہ اجلاس میں غور آئے گا۔