حماس نے شوق شہادت کا جذبہ زندہ کردیا،محمد حسین محنتی

کراچی : جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ غزہ پرجاری اسرائیلی حملوں میں اسپتالوں،اسکولوں اورپناہ گزین کیمپوں پروحشیانہ بمباری انسانیت کیخلاف جرائم ہیں،اسرائیلی وزیراعظم کو عالمی انصاف کی عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے،مسلمان ممالک کے حکمران بے حسی کا رویہ چھوڑکرفلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کیلئے آگے بڑھیں،اسرائیلی ناجائزریاست سے سفارتی اورکاروباری رابطے ختم کئے جائیں،ان شااللہ وہ دن دورنہیں جب مسجد اقصیٰ اوربیت المقدس سمیت انبیائے کرام کی سرزمین فلسطین غاصب صہیونی ناجائزریاست کے چنگل سے آزاد ہوگی۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعیت اتحاد العلما کراچی کے تحت کراچی پریس کلب پراحتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا،مظاہرے میں شریک علماء کرام اورطلباء نے اسرائیل کیخلاف بھرپورنعرے بازی کی،صوبائی امیرنے مزید کہا کہ فلسطین میں حماس کے مجاہدین نے ایک بارپھرجہاد کا نعرہ لگاکرشوق شہادت کے جذبے کو زندہ کردیا ہے، ان شااللہ جو حشرامریکا کا افغانستان میں ہوا تھا وہی حشراسرائیل کا غزہ میں ہوگا،مظاہرے سے مولانا اعجازمصطفیٰ،حافظ محمد سلفی،جمعیت اتحاد العلما کراچی کے صدرمولانا عبدالوحید اخوان،قاسم رشید اورضیاالرحمن فاروقی نے بھی خطاب کیا۔