تبلیغی اجتماع شروع،دعوت کا پیغام پہنچانا اولین ذمے داری ،نذرالرحمن

رائیونڈ : رائیونڈ میں تبلیغی جماعت کا عالمی اجتماع شروع ہو گیا ،پہلے روز شرکاء کی تعدادتین لاکھ سے تجاوز کرگئی ۔عالمی اجتماع کاپہلا مرحلہ امیر جماعت مولانا نذ ر الرحمٰن کے ابتدائی بیان سے شروع ہو گیا ۔انہوں نے کہا کہ اﷲ نے دعوت و تبلیغ کا پیغام نبی اکرم ؐ کے ذریعے پوری امت تک پہنچایا ،یہ پیغام تمام زمانوں کیلئے تھا ،اس پیغام کو آنے والی نسلوں تک پہنچانا اب امت محمدی ؐ کی اولین ذمہ داری ہے ،اس پیغام کو مان کراﷲ کو راضی کرکے جنت حاصل کرلیں یا نہ مان کر اﷲ کی ناراضگی کے نتیجہ میں ہمیشہ ہمیشہ کیلئے جہنم خرید لیں ، یہ صرف ہم پر منحصر ہے۔

انہوں نے کہا کہ تبلیغی اجتماع میں منکر نکیر کے سوالوں کا جواب دینے کی تعلیم پر ہی سارا دارومدار ہے، یہ دنیا فانی ہے اور یہ چند دنوں کی ہے ،آخرت کی زندگی ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ہے ،دنیا کی زندگی برف کی مانند ہے جو تیزی سے پگھل رہی ہے ۔تم بہترین امت ہو، لوگوں کے نفع رسانی کیلئے نکالے گئے ہو،تم لوگ نیک کام کا حکم کرتے رہو اور برے کاموں سے روکتے رہو اور اﷲ تعالی پر ایمان رکھتے رہو،مولانا نذر الرحمان نے کہا کہ مسلمان بھائیوں زندگی فانی ہے، اس پر ایک سیکنڈکا بھی بھروسہ نہیں ہے، دین سیکھنے میں پہل کرنے والوں کے لیے اﷲ تعالیٰ نے جنت کی بشارت دی ہے ۔اتوار کے روز اجتماعی دعا ہوگی جبکہ سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت رہی ۔