الیکشن میں تمام سیاسی جماعتوں کولیول پلیئنگ فیلڈ ملے گی،نگران وزیراعظم

اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے ملک میں عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق عدالتی فیصلے پر عملدر آمد کرائیں گے،الیکشن میں تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملے گی،مشاورت ضرور ہوئی لیکن انتخابات کی تاریخ الیکشن کمیشن نے ہی دی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کسی جماعت کو جلسوں سے نہیں روکا،قانون کے دائرے میں رہنا ہو گا۔ غیر قانونی تارکین افغان باشندے واپس اپنے وطن جا کر ویز ہ لے کر آسکتے ہیں۔غیر قانونی مقیم افراد کو نکالنے کا مقصد ان کو ریگولیٹ کرنا ہے۔حکومت کسی غیر ملکی باشندے کے کاروبار پر قبضہ نہیں کرے گی۔

تارکین وطن کی واپسی پر جو آج برابھلا کہہ رہے ہیں کل تعریف کریں گے۔ یہ تاثر غلط ہے کہ پریس کانفرنس کرنے کے بعد لوگوں کے 9مئی واقعات کے کیسز ختم ہو گئے۔کئی لوگ ایسے بھی ہیں جو مذمت کے باوجود کیسز بھگت رہے ہیں۔تفتیش کیلئے حراست اور زبردستی گمشدگی میں بہت فرق ہے۔تفتیش کیلئے جن لوگوں کو اٹھایا جاتا ہے انہیں مسنگ پرسن نہ کہیں۔ایک اور سوال پر انوارالحق کاکڑ کا کہناتھا چیئرمین کرکٹ بورڈ کا فیصلہ ورلڈ کپ کے بعد کریں گے۔ علاوہ ازیں سول افسران کی تعیناتیوں اور خصوصی کوٹے کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے دور دراز علاقوں میں قابل افسران کی تعیناتی کیلئے واضح پالیسی تشکیل دینے اور مقابلے کا امتحان باقاعدگی سے منعقد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان کا آئین و قانون اقلیتوں اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والوں کو مساوی حقوق و ترقی کے مواقع فراہم کرتا ہے۔

بلوچستان سمیت ملک کے دور دراز علاقوں میں قابل افسران کی تعیناتی کیلئے واضح پالیسی تشکیل دی جائے اور سول افسران کی روٹیشن پالیسی کو اس کی حقیقی روح کے مطابق بحال کیا جائے اور اس پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس کو حال ہی میں منعقدہ مقابلے کے خصوصی امتحان کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا امتحان میں 15 ہزار سے زائد امیدواران نے حصہ لیا جس میں 3500 سے زائد کا تعلق بلوچستان سے ہے۔