ڈی آئی خان ، پولیس وین کے قریب بم دھماکا ، 5افراد شہید، 31 زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان:  ڈی آئی خان میں ٹانک اڈہ پر پولیس وین کے قریب بم دھماکے سے 5افراد شہید ، 31 زخمی ہو گئے ہیں۔ ریسکیو حکام اور پولیس کے مطابق بم دھماکا ڈیرہ اسماعیل خان شہر میں گشت پر مامور پولیس وین کے قریب ہوا ،دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی ۔ جاں بحق ہونے والوں میں 25سالہ عزت اﷲ ، 16سالہ قمرزمان ، 18سالہ صفت اﷲ سمیت 5افراد شامل ہیں۔ دو پولیس اہلکاروں سمیت 31افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں مارزک خان ،عبدالحمید ،محمد اسحاق ،قدرت اﷲ ،امیر حمزہ ،احتشام شیرانی ،شکیل ولد خلیل الرحمن ،رجب ،اعلان اﷲ ،جلال الدین ،حمید اﷲ ،وقار محسود ،زاہد ،زبیر ،مولانا عبدالستار محسود ،راحل اسرائیل ،مسماۃ شیرین بی بی ،یاسمین بی بی ،ایلیٹ کانسٹیبل رحمن اﷲ ،ٹریفک کانسٹیبل نوید اختر سمیت 31افراد شامل ہیں۔

دھماکے کے بعد ہر طرف بھگڈراور افراتفری پھیل گئی۔ اطلاع پر مقامی پولیس اور سیکورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئے اور علاقہ کو گھیرے میں لے لیا۔ ریسکیو1122اور مقامی لوگوں نے زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال ڈیرہ منتقل کردیا، جہاں پر بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ ڈی پی او ڈیرہ کے مطابق دھماکہ موٹرسائیکل میں نصب آئی ای ڈی ریموٹ کنٹرول تھا ۔

علاوہ ازیں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا جب تک دہشت گردی کا ناسور ختم نہیں ہو جاتا تب تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔ سابق وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر محمد اسحاق ڈاراور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف ،سابق صدر آصف علی زرداری ، بلاول، زرداری ، جنرل پیپلز پارٹی سید نیئر حسین بخاری ، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحما ن نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا انسانیت دشمن کسی رعایت کے مستحق نہیں۔