دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے،صدر مملکت

اسلام آباد (اُمت نیوز) صدر مملکت نے کہا ہے کہ دہشت گرد ملک اور قوم کے دشمن ہیں، مکمل خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گوادر میں پاک فوج کے قافلے پر حملے کی مذمت اور میانوالی میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے گوادر حملے میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
انہوں نے شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی۔
اس کے علاوہ صدر پاکستان نے میانوالی میں ٹریننگ ایئر بیس پر حملے کی بھی مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ملک اور قوم کے دشمن ہیں، مکمل خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، دہشت گردی کے ناسور کے ملک سے خاتمے کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔