امراض قلب سے بھی پیشگی بچائو ممکن ہے، فائل فوٹو
امراض قلب سے بھی پیشگی بچائو ممکن ہے، فائل فوٹو

سورج مکھی کے بیج کینسر کی روک تھام میں کارگر

میگزین رپورٹ :
موسم سرما، ملک بھر کے بعد اب کراچی میں بھی دستک دے رہا ہے۔ خنک و خشک موسم میں ڈرائی فروٹس، ضروری توانائی فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ان میں شامل روغنیات، سردی کے اثرات سے مقابلے میں مددگار ہوتے ہیں۔ لیکن ہوش ربا مہنگائی نے متوسط و غریب طبقے کے لیے خشک میوہ جات خریدنا، تقریباً ناممکن بنا دیا ہے۔

مگر قدرت کی کچھ موسمی سوغاتیں اب بھی غریب عوام کی دسترس میں ہیں، میں سرِ فہرست سورج مکھی کے بیج ہیں۔ بیشتر غذائی ماہرین سورج مکھی کے بیج، خصوصاً سرد موسم میں، کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ یہ جسم کے لیے مفید ہوتے ہیں اور انہیں اگر پیس کر استعمال کیا جائے تو ان کی افادیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ غذائیت سے بھرپور سورج مکھی کے بیج میں فائبر، پروٹین، وٹامن بی، وٹامن ای، میگنیشم سمیت متعدد مفید اجزا ہوتے ہیں۔

سورج مکھی کے بیج عام طور پر ہاضمہ کو بہتر بنانے یا قبض کے علاج کیلئے استعمال ہوتے ہیں۔ یہ بیج خون میں نقصان دہ کولیسٹرول کو کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔ ان کے استعمال سے امراضِ قلب کے خطرے کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ متعدد سائنسی تحقیقات میں سورج مکھی کے بیج کو مختلف اقسام کے کینسر کے خطرات کو ٹالنے میں موثر تسلیم کیا گیا ہے۔

سورج مکھی کے بیج میں فائبر اور اومیگا تھری فیٹی ایسڈ زیادہ ہوتے ہیں۔ اسی طرح لائٹوز نامی فائٹو کیمیکل بھی ہوتے ہیںجو مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں کارگر ہوتے ہیں سورج مکھی کے بیج میں موجود ٹرپٹوفن سے سیروٹونن کی تشکیل عمل میں آتی ہے جو ڈپریشن (ذہنی تنائو) کم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔

سورج مکھی کے بیجوں کا استعمال کالی کھانسی کے علاج میں بھی کافی معاون ہے۔ اس کے بیجوں کو اگر بھون کر استعمال کیا جائے تو یہ زیادہ مفید ثابت ہوتے ہیں۔ ان بیجوں میں موجود ٹرپٹوفن، بھوک کو کنٹرول کرکے وزن پر قابو پانے میں مدد کرتا ہے۔ سورج مکھی کے بیج، جلد کو خشک نہیں ہونے دیتے اور جلد میں نمی کو برقرار رکھتے ہوئے ہائیڈریشن کو بہتر بناتے ہیں۔ یہ کیلشیم سے بھر پور ہوتے ہیں اور اسی وجہ سے ہڈیوں کی صحت کے لیے بھی بہترین مانے جانتے ہیں۔ سورج مکھی کے بیج پروٹین حاصل کرنے کا بہترین اور اہم ذریعہ ہیں۔ ان کے استعمال سے جسم کو درکار روزانہ پروٹین کی ضرورت پوری ہو تی ہے۔

سعودی میگزین ’’سیدیتی‘‘ میں شائع ایک مضمون کے مطابق سورج مکھی کے بیجوں میں فائبر اور اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کی بھرپور مقدار ہوتی ہیں۔ اسی طرح لائٹوز نامی فائٹو کیمیکل بھی ہوتے ہیں۔ ڈائٹ آف ٹاؤن کلینک سے تعلق رکھنے والی غذائی ماہر عبیر ابو راجیلی روزانہ سورج مکھی کے بیج کھانے کے فوائد بتاتی ہیں۔
وزن کم کرنے میں مدد کرنا:

سورج مکھی کے بیجوں میں غذائی ریشہ موجود ہوتا ہے جو عمل انہضام کو بہتر بناتا ہے اور زیادہ وقت تک تسکین کا احساس دلاتا ہے۔ اس طرح وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
دائمی قبض کا علاج کرنا:

اگر آپ قبض جیسے موذی مرض سے پریشان ہیں ہیں تو آپ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے سورج مکھی کے بیجوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ناشتے میں اناج، سلاد اور دہی کے ساتھ انہیں بھی شامل کر سکتے ہیں۔

سورج مکھی کے بیج قلبی صحت کے لیے بھی مفید ہیں۔ یہ بلڈ پریشر کو کم کرنے اور خون میں نقصان دہ کولیسٹرول کم کرنے میں معاون ہوتے ہیں۔

یہ خیال رکھنا چاہیے کہ فائبر کے دیگر ذرائع کی طرح سورج مکھی کے بیج کو بھی وافر مقدار میں پانی کے ساتھ استعمال کرنا چاہیے اور ان کے باقاعدہ استعمال سے قبل اپنے ڈاکٹر سے مشاورت کرنا بھی اہم ہے۔