کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما)کے تحت فلسطین کے نہتے مظلوم مسلمانوں پر اسرائیل کے وحشیانہ مظالم، بالخصوص غزہ میں ہسپتالوں پر بمباری کے خلاف ڈاکٹرز اور طبی عملے سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے سامنے ڈاکٹر ز مارچ کیا گیا جو جناح اسپتال کی ایمرجنسی سے شروع ہوکر این آئی سی وی ڈی تک کیا گیا۔ مارچ میں مرد وخواتین ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی جنہوں نے ہاتھوں میں بینر زاور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پرحماس کے مجاہدوں کو سلام تحریر تھا۔
ڈاکٹرز نے ہاتھوں میں فلسطینی جھنڈے اور مخصوص فلسطینی رومال بھی پہنے ہوئے تھے۔قائدین کے خطاب کے لیے ایک بڑے ٹرک پر اسٹیج بنایا گیا تھا جس پر تحریر تھا کہ Stop Genocise in Gaza۔
اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری،پیما کے صوبائی صدر ڈاکٹر تبسم جعفری،سوسائٹی آف ریڈیالوجی کے پروفیسر عظیم الدین، عمیر ثناء فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر ثاقب انصاری ودیگر موجود تھے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ اسرائیلی دہشت گردوں نے دس ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا ہے، ساڑھے چار ہزار سے زائد بچے شہید کیے جاچکے ہیں، ڈاکٹرز، صحافیوں کو بھی شہید کیا جارہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہاکہ اسرائیل اسپتالوں، چرچز،پناہ گزینوں کے کیمپوں پر بمباری کررہا ہے اور گزشتہ روز الشفاء اسپتال میں بھی حملہ کیا گیا،انسانی حقوق کے نام نہاد علمبردار امریکہ،برطانیہ اور دیگر مغربی ممالک اسرائیل کی پشت پناہی کررہے ہیں، فلسطینیوں کو غزہ کی پٹی سے اور پورے فلسطین سے نکالا جارہا ہے اور ان سے کہا جارہا ہے کہ اپنے گھر خالی کر کے نقل مکانی کرلولیکن فلسطین کے مسلمان ہمت و جرات کی دیوار بنے ہوئے ہیں اور مسلسل مزاحمت کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم سلام پیش کرتے ہیں حماس کے مجاہدین کو جنہوں نے مزاحمت کا راستہ اختیار کرکے امریکہ اور اسرائیل کے چہرے کو بے نقاب کردیا جس کے نتیجے میں خود مغربی ممالک کے عوام بھی اپنے حکمرانوں کے خلاف احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔