کراچی: جماعت اسلامی کے تحت اسرائیل کی جارحیت و دہشت گردی کے شکار اہل فلسطین بالخصوص بچوں سے اظہاریکجہتی کیلئے شاہراہ قائدین پرکراچی کے ”بچوں کا غزہ مارچ“ منعقد کیا گیا،تاحد نگاہ طلبہ و طالبات کے سرہی سرنظرآرہے تھے،مارچ میں شہربھرسے نجی و سرکاری اسکولوں کے طلبا و طالبات نے لاکھوں کی تعداد میں شرکت کی،طلبہ وطالبا ت نے لبیک یا اقصیٰ کے نعرے لگاکرغزہ کے نہتے اورمظلوم بچوں سے بھرپوراظہاریکجہتی اوراسرائیل و امریکا کیخلاف شدید رد عمل کا اظہارکیا،فضا نعرہ تکبیراللہ اکبر،رہبر و رہنماء مصطفیؐ مصطفیٰ،خاتم النبیاؑ مصطفیٰ ؐ مصطفیٰ ؐ، لبیک لبیک الھم لبیک،لبیک یا غزہ،لبیک یا اقصیٰ کے نعروں سے گونجتی رہی اوربچوں میں زبردست جوش وخروش دیکھنے میں آیا،شاہراہ قائدین پردونوں اطراف میں مارچ کے شرکاء موجود تھے ایک ٹریک طلبا اوردوسرا طالبات کیلئے مختص کیا گیا تھا، نیشنل اور انٹرنیشنل میڈیا کے نمائندوں نے ”کراچی کے بچوں کا غزہ مارچ“ تاریخ کا سب سے بڑا اورمنفرد مارچ قراردیا،شاہراہ قائدین پرفلسطین کے جھنڈوں اورمخصوص رومالوں کی بہارتھی،حافظ نعیم الرحمن کے علاوہ بچوں نے ترانے اور تقاریرسمیت مختلف پروگرام پیش کیے۔